پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کیلئے پر عزم
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے پرعزم ریاست ہے۔ ہمارے تمام جوہری بجلی گھر اور ریسرچ ری ایکٹرز بین الاقوامی ادارہ برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے) حفاظتی اقدامات کے تحت ہیں اور اس ضمن میں تمام ذمہ داریاں مناسب انداز میں انجام دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بات آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو کے ساتھ منگل کو ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا بین الاقوامی ادارہ برائے جوہری توانائی( آئی اے ای اے) کے ساتھ 1957ءسے ” ایٹمز برائے امن“ اقدام کے تحت قریبی تعاون ہے، ہم جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کیلئے اس تعاون کی بہت قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان آئی اے ای اے کی مدد سے اپنے عوام کے فائدے کیلئے بجلی کی پیداوار، طب، زراعت، غذائی تحفظ اور آبی انتظام سمیت متعدد شعبہ جات میں جوہری ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے۔
نواز شریف نے کہاکہ پاکستان میں توانائی کے شدید بحران کے پیش نظر پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن اپنی بجلی کی پیداواری صلاحیت سرگرمی سے بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کی ترقی، مختلف سائنسی شعبہ جات میں انسانی وسائل کی ترقی اور مختلف مراکز میں تحقیق وترقی سہولیات کے قیام میں بین الاقوامی ادارے کے مثبت کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ ہر سال ہمارے سائنس دانوں اور انجینئرز کی بہت بڑی تعداد نیشنل اینڈ ریجنل پراجیکٹس کے تحت آئی اے ای اے کے تحت سرگرمیوں سے استفادہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہمارے ماہرین دیگر آئی اے ای اے رکن ممالک کیلئے قابل قدر خدمات فراہم کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت آئی اے ای اے کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتی ہے اور یہ تعاون مستحکم ہوگا۔
ڈی جی آئی اے ای اے نے عوام کے مفاد میں جوہری توانائی کے استعمال کیلئے پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے اس مقصد کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔