• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

انڈین الیکشن: آٹھویں مرحلے میں پولنگ جاری، امیٹھی میں گہما گہمی

شائع May 7, 2014
ہندوستان کی سات ریاستوں میں لوک سبھا کے انتخابات کے آٹھویں مرحلے کے دوران چونسٹھ انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ —. فوٹو اے پی
ہندوستان کی سات ریاستوں میں لوک سبھا کے انتخابات کے آٹھویں مرحلے کے دوران چونسٹھ انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ —. فوٹو اے پی

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے آٹھویں مرحلے کے تحت آج بروز بدھ صبح سے سات ریاستوں کی چونسٹھ سیٹوں پر پولنگ جاری ہے۔

ریاست اتر پردیش کی پندرہ، بہار میں سات، اتراکھنڈ کی کل پانچوں نشستوں، ہماچل پردیش کی بھی کل چاروں ، مغربی بنگال کی چھ، جموں و کشمیر کی دو اور آندھرا پردیش میں پچیس نشستوں کے لیے کل 1737 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔

سب سے زیادہ گہما گہمی راہول گاندھی کے حلقۂ انتخاب امیٹھی میں دیکھی جارہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے اُمیدوار کمار وشواس نے راہول گاندھی پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے پولنگ بوتھ پر قبضہ کرلیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے پاس شکایت درج کرائی تھی، تاہم کمیشن نے تمام شکایات کو مسترد کر دیا۔

بی جے پی امیدوار سمرتی ایرانی کی پریانکا گاندھی کی ذاتی سیکرٹری پریتی سہائے کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی۔ سمرتی کا الزام ہے کہ پریتی امیٹھی کی رہائشی نہیں ہیں، پھر بھی وہ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر جا کر ووٹروں پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات کی شکایت بھی الیکشن کمیشن سے کی۔

کانگریس کی طرف سے مرکزی انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر پللم راجو، پٹرولیم کے وزیر مملکت پی لکشمی، کرکٹر محمد کیف، ہماچل پردیش کے وزیر اعلٰی ويربھدر سنگھ کی اہلیہ پرتبھا سنگھ اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ کی اہلیہ امیتا سنگھ اہم امیدوار ہیں۔

بی جے پی امیدواروں میں راجیو پرتاپ روڈی، امیٹھی میں راہول گاندھی کے مقابلے پر کھڑی اداکارہ سمرتی ایرانی، بھاجيومو کے صدر انوراگ ٹھاکر، سابق مرکزی وزیر ڈی پردیشوری اور گلوکار بابل سپريو شامل ہیں۔ اس پارٹی کے دو سابق وزیر اعلٰی بھونچدر كھڈوڑی اور رمیش پوکھریال نشنک بھی الیکشن کے میدان میں اترے ہیں۔

دیگر مشہور امیدواروں میں راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو کی بیوی اور بہار کی سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی، عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس اور ماضی کی معروف اداکارہ اور کانگریس کی امیدوار منمن سین کے نام شامل ہیں۔

چونسٹھ انتخابی حلقوں میں تقریباً 19 کروڑ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ اس مرحلے کے ساتھ ہی 543 پارلیمانی نشستوں میں سے 502 پر انتخابی عمل مکمل ہو جائے گا۔ باقی اکتالیس نشستوں پر نویں اور آخری مرحلے کے تحت بارہ مئی کو ووٹنگ ہوگی۔

انتخابات کا یہ مرحلہ کانگریس کے لیے بہت اہم ہے، کیونکہ 64 میں سے 31 نشستیں فی الحال ان کے قبضے میں ہیں۔ بی جے پی کے پاس صرف پانچ سیٹیں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024