پشاور: اے این پی کے مقامی رہنما قتل
پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں گزشتہ روز منگل کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنما کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق سابق یونین کونسلر انوارالحق پر نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنی دکان پر موجود تھے۔ فائرنگ کے بعد کونسلر انوار الحق موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
مقتول انوارالحق عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور کے ڈسٹرکٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکریٹری تھے۔
دوسری جانب واقعہ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے جی ٹی روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
مظاہرے میں عوامی نیشل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین سمیت دیگر صوبائی قائدین نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
اے این پی کے قائد اسفندیارولی نے باچاخان مرکزسے جاری ایک بیان میں ضلعی رہنما کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملک حکومت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی ہے، جس کی وجہ سے روزانہ ملک بھر میں اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکوت عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقنی بنائے۔