سمیع الحق کا طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے حکومت کو مشورہ
لاہور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ اور غیر فعال طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ملک میں امن واپس لانے کے لیے مذاکرات ہی واحد حل ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے۔
شمالی وزیرستان میں گزشتہ رات امریکی ڈرون حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ حکومت اب دیکھ لے، طالبان سے مذاکرات ختم ہوتے ہی امریکا نے ڈرون حملے پھر سے شروع کر دئیے ہیں۔
مولانا سمیع نے کہا کہ وہ امن مذاکرات میں خلوص نیت سے شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے حکومت کو امن مذاکرات سبوتاژ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
جے یو آئی س کے سربراہ نے کہا کہ (فوجی) آپریشن مسئلہ کا حل نہیں ہے۔
مولانا سمیع نے اتوار کی رات کراچی ایئر پورٹ پر مسلح حملے کی مذمت کی جس میں دس دہشت گردوں سمیت 37 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
انہوں نے نے کہا کہ ہوائی اڈے پر حملے میں غیر ملکی ہاتھ کے ملوث ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
شمالی وزیرستان پر پاکستانی فورسز کی طرف سے کیے جانے والے فضائی حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے سمیع الحق نے کہا کہ ہزاروں قبائلی جنگ کے باعث علاقہ چھوڑ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت بے گھر افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی۔