سلمان اقبال اور مبشر لقمان کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد: اے آر وائی نیوز پر عدلیہ مخالف پروگرام سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) سلمان اقبال اور پروگرام کے میزبان مبشر لقمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد انور کاسی نے اے آر وائی نیوز پر عدلیہ مخالف پروگرام سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت سیکریٹری اطلاعات اور قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور بھی پیش ہوئے۔
پیمرا نے عدلیہ مخالف پروگرام کی سی ڈیز عدالت میں جمع کرائیں،عدالت نے عدم پیشی پر اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال اور اے آر وائی کے پروگرام اینکر مبشر لقمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
عدالت نے وارنٹ جاری کرنے کے بعد کیس کی سماعت اگست کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔
عدلیہ مخالف پروگرام کے خلاف اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ جون کے پہلے ہفتے میں لال مسجد شہدا فاؤنڈیشن کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدلیہ ۔مخالف پروگرام کرنے پر نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے میزبان مبشر لقمان کو پروگرام کرنے سے تاحکم ثانی روک دیا تھا