• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عمران کا آزادی مارچ ڈرامہ، بلور

شائع July 16, 2014
عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور۔ —. فائل فوٹو
عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور۔ —. فائل فوٹو

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے تجربہ کار رہنما اور پشاور سے رکن قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے آزادی مارچ کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سےقوم اور جمہوری اداروں کی کوئی خدمت نہیں ہو گی۔

پشاور پریس کلب پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد بلور نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھا تھا، جبکہ خیبر پختونخوا میں ان کی پارٹی کی حکومت کارکردگی کے لحاظ سے بُری طرح ناکام ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا عوام جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کے لیے عمران خان کو اجازت نہیں دیں گے، جس کی ملک میں بحالی کے لیے سیاستدانوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد میں قربانیاں دی تھیں۔

خیبر پختونخوا میں حد سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ مسلط کرنے پر پی ٹی آئی کے وفاقی حکومت کے خلاف طے شدہ احتجاج کے بارے میں غلام احمد بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی اس طرح کے حربے اختیار کرکے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے خیبر پختونخوا میں عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔

قومی اسمبلی کی پشاور میں نشست این اے-1 کے ضمنی انتخاب میں غلام احمد بلور نے کامیابی حاصل کی تھی۔ یاد رہے کہ یہ نشست عمران خان نے خالی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی غیر اہم مسائل پر احتجاج کرکے سیاسی فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔نان ایشوز پر پوائنٹ اسکورنگ جمہوریت، قوم یاخود اس پارٹی کی خدمت نہیں ہے ۔

اے این پی کے رہنما نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار تین ہزار پانچ سو میگاواٹ ہے، جبکہ اس کی اپنی طلب دو ہزار دو سو میگاواٹ ہے۔ لیکن اس صوبے کو بجلی کی تقسیم کے مرکزی نظام سے اس کا حصہ نہیں دیا جارہا ہے۔

قوم پرست رہنما نے کہا کہ آخر پی ٹی آئی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے پشاور اور صوبے بھر میں لاقانونیت، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات اور مہنگائی کو روکنے کے لیے اقدامات کیوں نہیں اُٹھائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نعرہ تبدیلی، خیبر پختونخوا میں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

غلام احمد بلور نے کہا کہ قبائلی افراد تمام مسائل کو روایتی جرگہ سسٹم کے ذریعے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ ان کی جانب سے بے گھر افراد کی مشکلات کو دور کرنے اور انہیں عارضی کیمپوں میں مناسب سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

غلام احمد بلور نے فلسطین کے معصوم عوام پر اسرائیل کے غیر انسانی حملوں کی بھی مذمت کی، جس کے نتیجے میں بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

فلسطین پر حملوں کے خلاف بعض مذہبی سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں اس وقت کیوں خاموش تھیں، جب خیبر پختونخوا اور فاٹا میں عسکریت پسندوں کے ہاتھوں پختونوں کا خون بہایا جارہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024