آرٹیکل 245 واپس لینے سے وزیراعظم کی عزت بڑھے گی: شرجیل میمن
حیدر آباد: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نواز شریف اگر آرٹیکل 245واپس لے لیں تو عوام کی ںظر میں اُن کی عزت بڑھے گی۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق حیدرآباد سابق ناظم سیکریٹیریٹ میں سرکاری افسران کے اجلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کوئی جماعت آرٹیکل 245 کو قبول نہیں کرے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی الیکشن ایسانہیں ہوا، جس میں دھاندلی نہ ہوئی ہو۔
لانگ مارچ کے حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں نواز شریف نے بھی لانگ مارچ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چودہ اگست کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔
جبکہ حکومت نے اسلام آباد میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کو طلب کرنے کا بھی فیصلہ کر رکھا ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کی صورت میں حساس تنصیبات کی حفاظت اور مخصوص علاقوں میں فوج کو آپریشن کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کی سیاسی جماعتوں سمیت مختلف طبقہ فکر کے افراد نے مخالفت کی ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر شیخ الحسن الدین نے ایک درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں موقف موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں حالات اتنے خراب نہیں کہ فوج طلب کی جائے۔
آرٹیکل 245 کا نفاذ صرف سول انتظامیہ کی ناکامی کی صورت میں کیا جاسکتا ہے اور وفاقی دارالحکومت میں فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت اختیارات دینا منی مارشل لاء کے مترادف ہے۔
جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں فوج طلب کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف وزارت داخلہ، دفاع، قانون اور کابینہ کے سیکریٹریوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چھ اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔