سوات کے آخری ولی عہد انتقال کر گئے
مینگورہ: ممتاز سیاست دان اور ریاست سوات کے آخری ولی عہد میاں گل اورنگزیب 86 برس کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔
میاں گل اورنگزیب کو سیدو شریف سوات میں اُن کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گا۔
میاں صاحب 28 مئی 1928ء کو سیدو شریف میں پیدا ہوئے۔
اُن کے والد میاں گل عبد الحق جہانزیب ریاست سوات کے آخری حکمران تھے۔
میان گل اورنگزیب نے 1948ء کے دوران فوج میں شمولیت اختیار کی اور جنرل ایوب خان کے اے ڈی سی کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔
سن 1955 میں ایوب خان کی بیٹی سے شادی کے بعد میاں گل اورنگزیب نے فوج سے ریٹائرمنٹ لے کر سیایست کے میدان میں قدم رکھا۔
انہوں نے 1999ء میں سرحد (اب خیبر پختونخوا) کے گورنر اور 1997ء سے 1999ء تک بلوچستان کے گورنر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں۔
میاں گل نے 1956ء سے 1958ء تک مغربی پاکستان کی اسمبلی میں ریاست سوات کی نمائندگی کی۔
میاں گل اورنگزیب کئی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
میاں گل کے جنازے میں وزیراعظم نواز شریف کے مشیر انجینئر امیر مقام، صوبائی اسمبلی کے اراکین، بیورو کریٹس اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت اُن کے اہل خانہ اور مقامی افراد نے شرکت کی۔