غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید بارہ فلسطینی ہلاک
غزہ : غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کے روز مزید بارہ فلسطینیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے تازہ ترین حملہ شمالی غزہ میں جبلیہ کے قریب ہوا جس میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک ماں اور تین بچے ہلاک ہوگئے، جبکہ اس سے قبل ایک اور حملے میں ایک سالہ بچی اور سترہ سالہ لڑکا مارا گیا تھا۔
غزہ شہر میں اسرائیلی طیاروں نے ایک گاڑی پر میزائل داغ کر حماس کے ایک رہنماءکو ہلاک کردیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے فلسطینی شہریوں کو دھمکی دی ہے کہ وہ ہر اس جگہ سے دور چلے جائے کیونکہ ہم ہر اس مقام کو اپنا ہدف بنائیں گے۔
حماس کے ترجمان نے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے عام شہریوں کو ہدف بنانے کی دھمکی " جنگی جرائم کی واضح مثال" ہے۔
خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے دوران اب تک مجموعی طور پر اکیس سو سے زائد فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔
اسی طرح اسرائیلی حملوں میں غزہ بھر میں ہزاروں گھر مکمل طور پر تباہ یا متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ پانچ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں جنھیں مساجد اور اسکولوں پر اسرائیلی حملوں کے باعث کہیں محفوظ جگہ بھی دستیاب نہیں۔