• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 4:44pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:52pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 4:44pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:52pm

آسٹریلین ٹی ٹوئنٹی قائد جارج بیلی قیادت سے دستبردار

شائع September 7, 2014
جارج بیلی۔ فوٹو اے ایف پی
جارج بیلی۔ فوٹو اے ایف پی

سڈنی: آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان جارج بیلی ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ پر بھرپور انداز میں توجہ دینے کے لیے ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

مائیکل کلارک کی غیر موجودگی میں زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں آسٹریلیا کی ایک روزہ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینے والے 32 سالہ بیلی نے کہا کہ انہیں بیک وقت کھیل کے مختلف فارمیٹس پر ایک ساتھ توجہ مرکوز رکھنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کو بتایا کہ میں نے اس حوالے سے بہت وقت لیا اور کافی سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا، میں ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا اصل مقصد تو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے لیکن دراصل میں اپنی بہترین پرفارمنس کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔

بیلی نے کہا کہ دراصل مجھے سب سے زیادہ چیلنجنگ ٹیسٹ کرکٹ ہی لگی لیکن میں نے اسی فارمیٹ میں کرکٹ کو سب سے زیادہ انجوائے کیا۔

آسٹریلین کھلاڑی نے 2012 میں ایک روزہ کرکٹ کا ڈیبیو کیا لیکن وہ منظر عام پر اس وقت آئے جب انہوں نے مائیکل کلارک کی جگہ گزشتہ سال دورہ ہندوستان میں ٹیم کی قیادت کی۔

شیفلڈ شیلڈ میں انتہائی ناقص کارکردگی کے باوجود ایک روزہ کرکٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ایشز سیریز کے لیے آسٹریلین ٹیم کا حصہ بنایا گیا تاہم یہاں وہ صرف 26 کی اوسط سے رنز اسکور کر سکے۔

اسی ناقص پرفارمنس پر انہیں رواں سال کے آغاز میں دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

بیلی کو 2011 میں ایک ایسے موقع پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی جب ان کے پیشرو مائیکل کلارک نے ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا لیکن حیران کن امر یہ کہ اس موقع پر انہوں نے کسی بھی طرز کی کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی نہیں کی تھی۔

ان کی زیر قیادت آسٹریلیا نے 2012 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا لیکن رواں سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایونٹ میں وہ سپر 10 مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکے۔

بیلی کا کہنا تھا کہ وہ نئے کپتان کو موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ قدم جماتے ہوئے آئندہ ورلڈ کپ سے قبل ایک مستحکم ٹیم بنا سکیں۔

بیلی کے دستبردار ہونے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے قائد کا اعلان جلد کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 30 اپریل 2025
کارٹون : 29 اپریل 2025