شامی شدت پسندوں کیخلاف امریکی کارروائی جارحیت ہو گی، روس
ماسکو: روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی منظوری کے بغیر شام میں شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کھلی جارحیت ہو گی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان الیگزینڈر لوکاشیوک نے جمعرات کو بیان میں کہا کہ امریکی صدر نے اپنے بیان میں متعلقہ حکومت کی منظوری کے بغیر براہ راست آئی ایس آئی ایل کے شام میں موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے امکانات پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی منظوری کے بغیر یہ اقدام اٹھایا گیا تو یہ عمل کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہو گی۔