ہندوستان، پاکستان بات چیت سے سرحدی کشیدگی ختم کریں، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے جمعرات کے روز پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی پر تحفظات جبکہ دونوں اطراف ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ سیلنگ کے باعث اب تک دونوں اطراف 17 شہری مارے گئے ہیں۔ یہ جھڑپیں گزشتہ ہفتے شروع ہوئی تھیں۔
اقوام متحدہ کی ترجمان وانینا مسٹراکی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث فکر مند ہیں۔
دونوں ممالک ایک دوسرے پر پہل کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستان فائربندی نہیں کرتا تب تک وہ نہ گولہ باری روکیں گے اور نہ ہی پڑوسی ملک سے بات کریں گے۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کو تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہیئیں اور خطے میں امن و امان کے قیام کی خاطر کشمیر کا طویل مدتی حل نکالنا چاہیے۔
تقسیم ہند کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تین جنگیں لڑی جاچکی ہے جبکہ متعدد بار چھوٹی جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں تاہم 1998 میں دونوں ممالک کی جانب سے نیوکلئیر ہتھیاروں کے ٹیسٹ کے بعد سے کوئی جنگ نہیں ہوئی۔
تبصرے (1) بند ہیں