دھرنا سیکیورٹی پر مامور پنجاب پولیس کے 2 ہزار اہلکار واپس
اسلام آباد: صوبہ پنجاب میں محرم الحرام کی سیکورٹی کے پیش نظر اسلام آباد میں جاری دھرنوں کی سیکورٹی پر مامور پنجاب پولیس اور پنجاب کانسٹیبلری کے 2 ہزار اہلکار واپس بھیج دیے گئے۔
نمائندہ ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے اسلام آباد پولیس حکام سے رابطہ کر کے پنجاب پولیس کی مزید 4 ہزار نفری واپس مانگی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد طاہرعالم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دھرنوں کی سیکورٹی پلان پر نظرثانی کی گئی۔
جس کے بعد پنجاب پولیس اور پنجاب کانسٹیبلری کے 2 ہزار اہلکار واپس بھیج دیے گئے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پنجاب پولیس کے 'کارنامے'
نمائندے کے مطابق اب اسلام آباد میں دھرنوں کی سیکورٹی کے لیے نو ہزار اہلکار باقی رہ گئے ہیں، جن میں ایک ہزار آزاد کشمیر،5 ہزار پنجاب پولیس اور 3 ہزار ایف سی کے اہلکار شامل ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے آج اسلام آباد، راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ کا اعلیٰ سطح اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔
اجلاس میں دھرنوں اور محرم سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔