افغانستان میں تین بم دھماکے، دس اہلکار ہلاک
کابل: افغانستان کے تین شہروں میں پیر کو ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 10 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
یاد رہے کہ ایک دن قبل ہی کابل میں پولیس ہیڈ کوارٹر میں خودکش بم دھماکوں میں ایک اہلکار ہلاک ہو گیا تھا۔
صوبہ لوگر میں کیے گئے حملے میں سات اہلکار ہلاک ہوئے، دھماکا اس وقت ہوا جب صوبائی پولیس ہیڈ کوارٹر میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
حکام نے بتایا کہ دوسری جانب مشرقی صوبے نگرہار کے شہر جلال آباد رکشے میں نصب بم پھٹنے سے تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
شدت پسندوں نے صوبہ لوگر اور ننگرہار میں کیے گئے حملوں کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔
تیسرا دھماکا کابل میں یونیورسٹی میں پھولوں کی کیاری میں ہوا جس میں تین افراد زخمی ہوئے تاہم کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔