نائیجیریا میں دو پاکستانی اغوا
یناگوا: نائیجیریا کی ریاست بایلسا کے علاقے ڈیلٹا میں دو پاکستانیوں سمیت تین افراد کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
ایک عینی شاہد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اغوا سے قبل جائے وقوع پر فائرنگ کی گئی، بعدازاں ان افراد کو ایک سپیڈ بوٹ میں لے جایا گیا۔ تیسرا اغوا ہونے والا شخص ہندوستانی ہے۔
جوائنٹ ٹاسک فورس کے ترجمان انکا مصطفیٰ نے کہا کہ مغویوں کو بازیاب کروانے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
نائیجیریا معاشی اعتبار سے افریقہ کا سب سے بڑا ملک ہے اور بجلی کی پیداوار کا اہم مرکز ہے تاہم ملک میں اغوا کے واقعات بالخصوص جنوب میں عام ہیں جہاں اغوا کار مجموعی طور پر لاکھوں ڈالر تاوان وصول کرلیتے ہیں۔
اکتوبر میں بحری قزاقوں نے مختلف حملوں کے دوران ڈیلٹا ہی کے علاقے سے نو افراد کو اغوا کرلیا تھا جبکہ اوگن ریاست میں مسلح افراد کی جانب سے ایک جرمن باشندے کو اغوا کرلیا گیا جبکہ دوسرے کو ہلاک کردیا گیا۔