کشمیر: انڈین فوج کی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک
ہنڈوارا: ہندوستانی فوج نے کشمیر میں فائرنگ کرکے چھ افراد کو قتل کر دیا جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی طور پر سرحد عبور کر رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ منگل کو رات گئے کپواڑہ میں پیش آیا جس کے دوران ایک ہندوستانی فوجی بھی ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔
کپواڑہ میں ریاستی انتخابات کے لیے پولنگ بھی جاری ہے جن کا حریت رہنماؤں نے بائیکاٹ کر رکھا ہے ۔
ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی مسلم اکثریتی ریاست کشمیر میں بھی فتح حاصل کرنے کے حوالے سے پوری طرح پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں وہ یہاں کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔
کشمیر میں گذشتہ ہفتے فوجی یونیفارم پہنے ہوئے حملہ آوروں نے ایک فوجی چھاؤنی پر حملہ کر کے 10 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔
یاد رہے کہ کشمیری حریت پسند 1989ء سے انڈیا کے ساتھ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ہندوستان کی جانب سے پاکستان پر کشمیری علیحدگی پسندوں کو تربیت اور انھیں مدد فراہم کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے تاہم پاکستان ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔