ڈانس پارٹی میں غل غپاڑہ، 3 اراکین اسمبلی کیخلاف مقدمہ
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے تین اراکین کے خلاف ڈانس پارٹی میں مبینہ غل غپاڑہ، پولیس اہلکاروں پر تشدد اور سرکاری کام میں مداخلت کے الزامات کے تحت اسلام آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں 3 اراکین قومی اسمبلی، حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے نجف سیال اور رضا حیات ہراج جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سنجے پروانی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ان اراکین قومی اسمبلی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 میں ایک گھر میں مبینہ طور پرشراب کے نشے میں دھت ہوکرغل غپاڑہ شروع کردیا، جس پرپڑوسیوں کی جانب سے مددگار 15 پولیس کو شکایت کی گئی۔
پولیس پارٹی جب موقع پر پہنچی توان اراکینِ اسمبلی نے مبینہ طور پر ایک اے ایس آئی اور کانسٹیبل کو تھپڑ مارے اور سرکاری وائرلیس سیٹ بھی توڑ ڈالا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں اراکین قومی اسمبلی پرڈانس پارٹی میں مبینہ غل غپاڑہ، پولیس اہلکاروں پر تشدد اور سرکاری کاموں میں مداخلت کا الزام ہے۔
ڈان نیوز کی جانب سے اعلیٰ شخصیات سے اس واقعے کی تصدیق اور تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم رابطہ نہیں ہو سکا۔