• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حق مغفرت کرے، عجب آزاد مرد تھا

شائع January 26, 2016 اپ ڈیٹ January 27, 2016
آزاد قلمدار نے ہر پلیٹ فارم پر زبان کو آسان بنانے کے لیے نا صرف آواز اٹھائی بلکہ اس کے لیے عملی طور پر بھی اقدامات کیے۔ — فوٹو بشکریہ علی عمیر جعفری
آزاد قلمدار نے ہر پلیٹ فارم پر زبان کو آسان بنانے کے لیے نا صرف آواز اٹھائی بلکہ اس کے لیے عملی طور پر بھی اقدامات کیے۔ — فوٹو بشکریہ علی عمیر جعفری

'یار آزاد صاحب اب آپ کی صحت کافی بہتر نظر آ رہی ہے اور آپ کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے. آپ واپس آ جائیں تو میری بہت سی پریشانیاں کم ہو جائیں گی۔'

'نہیں یارا ۔۔ ابھی فوری طور پر تو ممکن نہیں، کیمو کا 14واں سیشن ابھی ہوا ہے. جو وزن کم ہو کر 37 کلو پر آ گیا تھا اب واپس 62 کلو ہو گیا ہے، مگر اب بھی شدید تکلیف ہے، جس کی وجہ سے واپس جوائن نہیں کر سکتا۔ مجھے خود بھی ابھی بہت کچھ کرنا ہے مگر بیماری اور تکلیف کی وجہ سے کچھ بھی نہیں کر پا رہا۔'

یہ الفاظ آزاد قلمدار نے 23 دسمبر 2015 کو ایک تقریب میں ملاقات کے دوران مجھ سے کہے۔ اگرچہ آزاد قلمدار تکلیف میں ضرور تھے مگر ان کی صحت میں بہتری کے آثار سے ہمیں یقین ہو چلا تھا کہ بہت جلد اپنے دوست سید امتیاز احمد جسے دنیا 'آزاد قلمدار' کے نام سے جانتی ہے، کا شمار ان لوگوں میں کرنے لگیں گے، جنہوں نے واقعی میں کینسر کو شکست دی۔

لیکن یہ بات وہم و گمان میں بھی نہیں تھی کہ ٹھیک ایک ماہ بعد 23 جنوری 2016 کو آزاد قلمدار کچھ کر دکھانے کی بہت سی حسرتیں اور منصوبے دل میں ہی لیے اس دنیا سے رخصت ہو جائے گا۔ آزاد جو کچھ کرنا چاہتا تھا، اگر اس پر بات کی جائے تو کئی صفحات بھرے جا سکتے ہیں کیونکہ وہ شخص نہیں بلکہ خیالات اور منصوبوں کا ایک سمندر تھا۔ وہ ایک آزاد سوچ کا مالک تھا جس کے لیے رنگ، نسل، مذہب اور سرحدیں کوئی معنی نہیں رکھتی تھیں۔

دیگر سینکڑوں لوگوں کی طرح آزاد بھی پاکستان اور ہندوستان کے لوگوں کو قریب لانے کے خواہشمند تھے مگر انہوں نے اس کے لیے عملی طور پر کچھ منفرد کرنے کی ٹھان رکھی تھی اور اسی جہدوجہد میں وہ ہر وقت مصروف رہتے تھے۔

آزاد قلمدار کا ماننا تھا کہ دونوں ملکوں کے لوگ ایک دوسرے کی بولی سمجھتے تو ہیں، مگر ہندوستان کے رہنے والے اردو کا نستعلیق خط نہیں پڑھ سکتے اور پاکستان کے رہنے والے ہندی. اس لیے دونوں کو قریب لانے کے لیے ہمیں رسم الخط بھی ایسا چاہیے جسے دونوں جانب کے لوگ سمجھتے ہوں اور ایک دوسرے کی لکھی ہوئی تحریریں بھی پڑھ سکیں۔ اسی منصوبے کے تحت انہوں نے 'ہماری بولی' کے نام سے ایک پروجیکٹ شروع کیا اور آخری ملاقات میں بھی وہ اسی کے حوالے سے پریشان دکھائی دے رہے تھے۔

آزاد قلمدار نے ہر پلیٹ فارم پر زبان کو آسان بنانے کے لیے نا صرف آواز اٹھائی بلکہ اس کے لیے عملی طور پر بھی اقدامات کیے۔

ہماری بولی کے حوالے سے آزاد کا کہنا تھا کہ اردو اور ہندی دو الگ الگ نہیں بلکہ ایک ہی زبان یعنی 'ہندوستانی' ہے جو کہ دو الگ الگ ناموں سے رجسٹرڈ ہے. اس لیے اردو اور ہندی کے الفاظ پر مشتمل ایک رومن رسم الخط بھی ہونا چاہیے جسے پاکستان اور ہندوستان دونوں میں بسنے والے لوگ سمجھ سکیں۔

بہت سے لوگ شاید آزاد کی اس بات سے اختلاف کریں مگر اس کا مقصد صرف لوگوں کے لیے آسانی پیدا کرنا تھا۔ وہ اس خیال کے حامی تھے کہ زبان کو تحفظ کے نام پر مشکل بنائے رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں اگر لوگ اس کو سمجھنے میں دشواری محسوس کرتے ہوں.

آزاد نے 2009 میں علی مظفر جعفری کے ساتھ مل کر پاکستان اوپن نالج فاؤنڈیشن قائم کی اور اس کے تحت پاکستان کی پہلی مفت انگلش سے اردو کی (آن لائن اور آف لائن) ڈکشنری لانچ کی۔ آزاد نے کبھی ان منصوبوں کو کمائی کا ذریعہ بنانے کی بات نہیں کی اور ہمیشہ کہا کہ وہ وکی پیڈیا کی طرح اپنے تمام منصوبوں کو مفت رکھیں گے۔

اپنی انتھک محنت سے آزاد قلمدار نے ڈان بلاگز کو بہت کم وقت میں ایک منفرد پہچان دی۔ ڈان اردو کے بلاگز ایڈیٹر کی حیثیت سے ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ ہر معاشرتی، سیاسی، مذہبی اور تاریخی مسئلے پر بلاگز ڈان کے پلیٹ فارم سے شائع کیے جائیں، تاکہ قلمکاروں کی آواز اور خیالات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے بلاگز کا طرزِ تحریر اردو اخبارات کے روایتی کالم کی طرز سے ہٹ کر ترتیب دیا، جس میں مقصدیت، اختصار، زبان کی سادگی، اور ہر بات ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش کرنے کو ملحوظِ خاطر رکھا، جسے سنجیدہ طبقوں میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔

ڈان کی اردو ویب سائٹ کے مدیر کی حیثیت سے مجھے تقریباً ڈیڑھ سال تک ان کے ساتھ کام کا موقع ملا اور بہت ہی کم وقت میں قائم ہونے والے اس بہترین تعلق میں میں نے آزاد قلمدار کو ایک بہترین دوست کے ساتھ ساتھ بے انتہا تخلیقی سوچ کا حامل شخص پایا۔

آزاد سے تعلق رکھنے والے دیگر کئی لوگوں کی طرح ڈان ڈاٹ کام سے وابستہ تمام افراد کے لیے آزاد کی وفات کی خبر انتہائی تکلیف دہ تھی۔ ڈان کی ویب سائٹ کے لیے ان کی خدمات قابل قدر ہیں اور انہیں ہمیشہ پیشہ وارانہ مہارت رکھنے والے ساتھی اور ایک مخلص دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

منظر الہٰی

منظر الہٰی ڈان نیوز کے سابق اسٹاف ممبر ہیں۔

انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں: manzarelahi@

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (8) بند ہیں

منصور مانی Jan 26, 2016 05:22pm
حق مغفرت کرئے واقعی آزاد آدمی تھا، مجھے یاد ہے ڈان کے لئے اپنے پہلے کالم پامال کلیاں کے لئے میری آزاد صاحب سے جب بات ہوئی ، دوران گفتگو انہوں نے زبان کو سادہ رکھنے پر اصرار کیا، اس کے بعد بھی کئی بار آزاد صاحب سے بات ہوئی مگر ان سے ملاقات کا شرف نصیب میں نہیں تھا، آزاد صاحب کو ہمیشہ ایک قلم دوست کی حثیت سے یاد رکھا جائے گا۔
سہیل یوسف Jan 26, 2016 05:42pm
ایک عظیم انسان اور دوست، آزاد بے انتہا صلاحیتوں کے مالک تھے۔ منظر بھائی آپ کی تحریر پڑھ آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اللہ مغفرت فرمائے۔ آزاد اپنے وقت سے آگے دیکھ سکتے تھے اور یہی ان کی غیرمعمولی صلاحیت تھی۔
Naveed Nasim Jan 26, 2016 05:56pm
اس میں کوئی شک نہیں کہ آزاد ایک مختلف اور پروگریسیو سوچ رکھنے والا شخص تھا۔ مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب میں نے اپنا پہلا بلاگ لکھ کر آزاد کو بھیجا تو آزاد نے پالیسی کی وجہ سے میرا بلاگ چھاپنے سے معضرت کر لی اور پھر خود ہی میرے بلاگ چھاپ دیا۔ مجھے اس حقیقت کو ماننے میں ذرا سی بھی ہچکچاہٹ نہیں کہ مجھے بلاگ لکھنا آزاد نے سکھایا۔ افسوس کہ آزاد ہمیں اس دنیا میں قید چھوڑ کر آزاد ہوگیا۔ اللہ آزاد کی مغفرت کرے اور اسے جنت میں جگہ دے۔ آمین۔
Amjad Ali Sahaab Jan 26, 2016 07:01pm
اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے. سر، تحریر پڑھنے کے بعد ان کی خدمات کا معترف ہونا پڑا. واقعی مرحوم عظیم انسان تھے
Razzak Sarbazi Jan 26, 2016 07:38pm
آزاد قلمدار میرے لئے ایک ایڈیٹر سے بڑھ کر اچھا دوست تھا. ان سے ہر موضوع پر کھل کر بات کی جاسکتی تھی. انہوں نے اپنی بیماری کی اطلاع دیتے ہوئے، اپنے خوابوں کا ایک مرتبہ پھر ذکر کیا، جن میں اردو کو رومن رسم الخط میں لکھنا شامل تھا. میں نے ہر ملاقات میں محسوس کیا، وہ نادر شخص سخت ثقافتی گھٹن کا شکار ہیں. کوئی ذہن ایسا ہے جو ان کو اندر سے کھائے جارہا ہے. عجب مردِ آزاد تھا.
Mustafa Kamal Jan 27, 2016 05:26am
4 SAAL PEHLAY MAIN NAY DAWN URDU BLOG K LIYE EK ARTICLE BHEJA. KUCH DIN BAAD MUJHAY FACBOOK PAY AZAD QALAMDAR NAMI SHAKS KI FRIEND REQUEST AAYI. US NAY MUJHAY MAZEED LIKHNAY KO KAHA . MAGAR MAIN NAHI LIKH PAYA OR DAW BLOG KA PEHLA OR AKHIRI ARTICLE AZAD KI IDARAT MAY CHAP GAYI. FACEBOOK PAY US SAY MUKHTASAR BAT-CHEET HOTI RAHI, MAGAR KABHI BHI NAHI JAAN PAYA K WO ITINI JALDI BICHAR JAYENGAY. "HAM ROOH-E SAFAR HAIN HAMAIN NAAMO SAY NA PEHCHAN/ KAL OR KISI NAAM SAY AAJAYENGAY HAM LOAG RIP, BHAI !
رضوان عطا Jan 28, 2016 12:31pm
تقریباً دو سال قبل عباس جلبانی کے توسط سے آزاد قلمدار سے ایک تحریر کے سلسلے میں بات چیت ہوئی تھی۔ گفتگو سے محسوس ہوا کہ عمدہ انسان ہیں۔ ان کی وفات کا سن کر دکھ ہوا۔
aamir riaz Jan 29, 2016 12:40am
Oh, he was a fine man. i never met him but we talk on phone and via emails. My friend and Punjabi lover Musaddiq Sanwal introduced me with Azad and he had ability to live with differences. I often talk to him on issues related to Pakistani mother tongues as well as urdu and english. It was period when he was not going Dawn. He was a thinking mind and visionary. for me it is a personal loss.

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024