ایران-سعودیہ تنازع: 'نواز شریف کردار ادا کریں'
اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے وزیراعظم نواز شریف سے ایران-سعودیہ تنازع حل کروانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق بان کی مون نے نواز شریف کو کہا کہ ان کے دونوں ممالک سے اچھے تعلقات ہیں اور وہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات معمول پر لانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سعودیہ، ایران اختلافات پرامن طریقے سے دور کریں: پاکستان
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو اپنے حالیہ دورہ تہران اور ریاض کے حوالے سے بریف کیا جس کا مقصد تنازعے کا خاتمہ تھا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے شیعہ عالم نمر النمر کو سزائے موت دیے جانے اور تہران میں سعودی سفارت خانے پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودیہ، ایران بھائی بھائی: نواز شریف
واقعے کے بعد سعودی عرب نے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے سفارتی عملے کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔
بعدازاں کشیدگی کم کروانے کے لیے وزیراعظم اور آرمی چیف جرنل راحیل شریف نے سعودی عرب اور ایران کا دورہ کیا تھا، جس میں دونوں پر تنازعات کا حل باہمی اتحاد و اتفاق سے نکالنے پر زور دیا گیا۔
مزید جانیں: ایران کے ساتھ تنازع میں پاکستان ثالث نہیں: سعودیہ
تاہم سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے پاکستانی کے ثالثی کردار کو مسترد کردیا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔