• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

موبائل فون کا زیادہ استعمال کینسر کا باعث

شائع May 27, 2016
یہ دعویٰ امریکی حکومت کے زیرتحت ہونے والی ایک اہم تحقیق میں سامنے آیا ہے— کریٹیو کامنز فوٹو
یہ دعویٰ امریکی حکومت کے زیرتحت ہونے والی ایک اہم تحقیق میں سامنے آیا ہے— کریٹیو کامنز فوٹو

موبائل فون کا بہت زیادہ استعمال کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ دعویٰ امریکی حکومت کے زیرتحت ہونے والی ایک اہم تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

امریکا کے نیشنل ٹاکسی لوجی پروگرام کے محققین نے عندیہ دیا ہے کہ موبائل فونز اور کینسر کے درمیان ایک تعلق موجود ہے۔

اس تحقیق کے دوران محققین نے نر چوہوں کو ایسی ریڈیو فریکوئنسز کے ریڈی ایشن کے اثر میں رکھا جو عام طور پر موبائل فونز سے خارج ہوتی ہیں۔

بعد ازاں ان جانوروں کے دماغ اور دل میں دو اقسام کی رسولیوں کو دریافت کیا گیا۔

دو سالہ تحقیق کے دوران ڈھائی ہزار سے زائد چوہوں پر تجربات کیے گئے اور تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں ہر عمر کے افراد میں موبائل فونز کے استعمال سے عوامی صحت پر بڑے پیمانے پر ریڈیو فریکوئنسی کے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

یہ اس حوالے سے ہونے والی بہت بڑی تحقیق تھی جس میں انتہائی گہرائی میں جاکر موبائل فونز اور کینسرز کا تجزیہ کیا گیا اور اس پر امریکی حکومت نے ڈھائی کروڑ ڈالر خرچ کیے۔

محققین نے بتایا کہ لوگوں کو کہا جاتا ہے کہ موبائل فونز کے بہت زیادہ استعمال سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا مگر ہمارے خیال میں اب اس قسم کے بیانات کا خاتمہ ہونا چاہئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ موبائل فونز سے دماغی کینسر ہونے کا کوئی خطرہ نہیں رہتا۔

آسٹریلوی محقیقین نے 1982 سے لیکر 2013 تک ملک میں دماغی کینسر کے کیسز کا مطالعہ کیا جس میں اس خیال کو تقویت دینے سے متعلق شواہد نہیں ملے۔

اس 30 سالہ مدت کے دوران مردوں میں دماغی کینسر کی شرح میں معمولی اضافہ جبکہ خواتین میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔

اس کی تفصیلی رپورٹ کے لیے پڑھیں : موبائل فونز سے دماغی کینسر کا خطرہ نہیں، ریسرچ

تاہم گزشتہ سال یوکرائن میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ وائرلیس ڈیوائسز سے خارج ہونے والی ریڈی ایشن متعدد طبی مسائل جیسے کینسر سے لے کر رعشہ و الزائمر کا باعث بن سکتی ہے۔

تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریڈی ایشن جسم میں تکسیدہ تناﺅ کا باعث بنتی ہے جس کے نتیجے میں اس جسمانی عمل کو نقصان پہنچتا ہے جو امراض کی شدت کو کم کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ریڈیو فریکوئنسی کے نتیجے میں زندہ خلیات پر اثرات مرتب ہوتے ہیں یا آسان الفاظ میں کسی فرد کا ڈی این اے کو نقصان پہنچتا ہے۔

مزید پڑھیں : موبائل فون کا استعمال کینسر کا باعث!


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024