• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

'پاکستانی موقف اجاگر کرنے کیلئے سفیر فعال کردار ادا کریں'

شائع August 1, 2016

اسلام آباد: دفتر خارجہ میں پاکستانی سفیروں کی 3 روزہ کانفرنس کے آغاز پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے سفیروں پر زور دیا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں وہ ملکی مفاد اور موقف کو اجاگر کرنے کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کے مطابق مختلف ممالک اور اداروں میں تعینات 9 پاکستانی سفیر کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف 3 روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں شرکت کریں گے، جہاں انھیں کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی اس موقع پر وزیراعظم بھی اپنی خارجہ پالیسی کا وژن شیئر کریں گے۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا (واشنگٹن ڈی سی) میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی، چین (بیجنگ) میں تعینات سفیر مسعود خالد، ہندوستان (نئی دہلی) میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط، اقوام متحدہ (نیویارک) میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی، ویانا میں پاکستانی سفیر عائشہ ریاض، یورپی یونین (برسلز) میں پاکستانی سفیر نغمانہ پاشمی، افغانستان میں پاکستانی سفیر ابرار حسین، اقوام متحدہ (جینیوا) میں پاکستانی سفیر تہمینہ جنجوعہ اور روس (ماسکو) میں تعینات پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ کو مدعو کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس میں شریک سفیر موجودہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کریں گے تاکہ اس کا جائزہ لینے کے بعد حالیہ اسٹریٹیجک، سیاسی اور معاشی رجحانات کے مطابق خارجہ پالیسی اپنائی جاسکے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق سفیروں کی کانفرنس میں موجودہ عالمی حالات خاص طور پر ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کی روشنی میں خارجہ پالیسی کے امور پر غور کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق کانفرنس میں کشمیر میں جاری حالیہ پرتشدد واقعات کے تناظر میں پاک -ہندوستان تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ امریکا، افغانستان، چین، روس اور یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات، آئندہ سارک سربراہ اجلاس اور نیو کلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) کی رکنیت سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

ahmakadami Aug 01, 2016 02:03pm
EVERY EMBASSY OF PAKISTAN SEEMS NON FUNCTIONAL EVERY WHERE

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024