• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

صبح جلد اٹھنا کامیابی کی ضمانت کیسے؟

شائع March 21, 2017
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

ہوسکتا ہے کہ صبح سورج طلوع ہونے سے قبل بیدار ہونا بیشتر افراد کو ناممکن کام لگتا ہو، لیکن بڑی تعداد میں کامیاب کاروباری افراد اور لیڈروں کا ماننا ہے کہ علی الصبح بستر سے نکل آنا ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

کچھ عرصہ قبل سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق صبح جلدی بیدار ہونا کسی فرد کی ذہنی اور جسمانی کارکردگی میں اضافے کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس وقت بیرونی مداخلت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

یعنی اس وقت لوگ سوشل میڈیا کو نہیں دیکھتے جبکہ اتنی صبح ایس ایم ایس یا میسجنگ وغیرہ کے لیے بھی کوئی فرد دستیاب نہیں ہوتا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہمارا جسم دن کے آغاز میں زیادہ متحرک ہوتا ہے، جبکہ ذہن بھی علی الصبح زیادہ الرٹ ہوتا ہے جس کے باعث ذہنی و جسمانی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ 1400 سال قبل اسلامی تعلیمات میں بھی صبح جلد اٹھنے کی تاکید کی گئی تھی۔

اس حوالے سے مختلف ریسرچ رپورٹس میں کیا فوائد سامنے آئے، وہ درج ذیل ہیں۔

منفی سوچ سے نمٹنے میں مدد

2014 کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جو لوگ رات دیر گئے سونے کے عادی ہوتے ہیں، ان پر منفی خیالات کا غلبہ طاری ہوسکتا ہے، اس کے مقابلے میں جلد سونے کے لیے لیٹنا اور اچھی نیند لینا مختلف مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے جبکہ ہر رات 6 سے 9 گھنٹے کی نیند منفی سوچ کو دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

کامیابی کے امکانات میں اضافہ

جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جب عملی زندگی میں کامیابی کو دیکھا جاتا ہے تو صبح جلد اٹھنے والے افراد زیادہ کامیاب ثابت ہوتے ہیں، ایسے افراد اسکول میں بہتر امتحانی نتائج حاصل کرتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ اچھے کالجوں میں جاتے ہیں جو اچھی ملازمت کے مواقعوں کا امکان بڑھانے والا عنصر ہے۔ ایسے افراد مسائل کا سامنا کھلے دل سے کرتے ہیں اور اسے ہر ممکن حد تک کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

زیادہ تسلسل، تعاون کرنے والے، مطابقت رکھنے والے

ایک تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایسے افراد تسلسل سے اپنا کام جاری رکھتے ہیں، دوسروں سے تعاون کرتے ہیں، جلد مطابقت پیدا کرتے ہیں اور باشعور ہوتے ہیں، یہ تمام چیزیں کامیابی کے لیے ضروری ہیں کیونکہ ایسے افراد کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے جبکہ منظم زندگی کے ساتھ وہ نئی چیزیں سیکھنے کی بھی خواہش رکھتے ہیں۔

صحت مند

عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے اکثر بیمار رہنا بہت بڑی رکاوٹ ہے، جبکہ مناسب نیند کے ساتھ علی الصبح اٹھنا اس سے بچنے میں مدد دیتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق مناسب نیند جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط کرتی ہے اور مختلف وائرسز سے تحفظ دیتی ہے، اسی طرح جلد اٹھنے والے لوگ ورزش کرنے کے بھی عادی ہوتے ہیں جو صحت کے لیے اچھی عادت ہے۔

خوش باش

اگر آپ نے صبح آٹھ یا نو بجے دفتر جانا ہے اور جانے سے آدھے گھنٹے پہلے اٹھتے ہیں تو جلد بازی میں گڑبڑ کا امکان ہوتا ہے جبکہ جلد اٹھنا تیار ہونے کے لیے نہ صرف مناسب وقت دیتا ہے بلکہ مختلف مشاغل کا موقع بھی فراہم ہوتا ہے، سب سے اہم چیز یہ ہے کہ اس سے ذہنی تناﺅ کم ہوتا ہے جو آگے پورے دن میں بھی تناﺅ سے بچاتا ہے۔

بہانے باز نہیں ہوتے

ایک تحقیق کے مطابق صبح جلد اٹھنے والے لوگ کام کو ٹالنے یا اس سے بچنے کے لیے بہانے نہیں کرتے، جیسا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد کرتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسے افراد جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہوتے ہیں اور اپنے کام جلد نمٹاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024