بل گیٹس کی اپنے بچوں پر دلچسپ پابندیاں
بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص ہیں تو تصور کریں کہ ان کے تینوں بچوں کا بچپن کیسا گزرا ہوگا ؟ ہوسکتا ہے آپ سوچیں انہیں متعدد آسائشات اور نت نئی ٹیکنالوجی ڈیوائسز ملی ہوں گی تو حیران کن طور پر آپ غلط ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اپنے بچوں پر ٹیکنالوجی کے استعمال پر حیران کن پابندیاں عائد کی ہوئی تھیں۔
بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا نے اپنے تینوں بچوں کو 14 سال کی عمر تک موبائل فون رکھنے کی اجازت بھی نہیں دی حالانکہ ان کو شکایت تھی کہ ان کے تمام دوستوں کے پاس یہ ڈیوائس موجود ہے۔
جب ان بچوں کو موبائل فونز مل گئے تو والدین نے ان کے استعمال پر سختی سے نگرانی کی خاص طور پر کھانے کی میز پر ان کا استعمال ممنوع تھا۔
بل گیٹس نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا ' ہم اکثر ایک وقت طے کردیتے تھے جس کے بعد بچوں کو اسکرین کے ساتھ وقت گزارنے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی اور اس طرح انہیں صحیح وقت پر سونے میں مدد ملتی تھی'۔
بل گیٹس ہی وہ ٹیکنالوجی آئیکون نہیں جنھوں نے اپنے بچوں پر ٹیکنالوجی کے استعمال پر پابندی عائد کی۔
ایپل سے تعلق رکھنے والے اسٹیو جابز نے بھی اپنے بچوں کو آئی پیڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ گھر میں بچوں کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو محدود رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شٰخص ہیں مگر وہ اور ان کی اہلیہ ملینڈا اپنی دولت کو اپنی ذات یا اپنے تینوں بچوں تک محدود رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
بل گیٹس کے اپنے الفاظ 'مجھے نہیں لگتا کہ بچوں کو اپنی دولت میں حصہ دار بنانا کوئی اچھا خیال ہے'۔
تبصرے (2) بند ہیں