مانچسٹر دھماکا: بھارت نے چیمپئنز ٹرافی پر خدشات ظاہر کردیے
برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی یکم جون سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی سیکیورٹی پر خدشات کا اظہار کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایونٹ کی دفاعی چیمپیئن بھارتی کرکٹ ٹیم نے مانچسٹر بم دھماکے کے بعد پیدا ہونے والے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر خصوصی سیکیورٹی آفیسر کو ہنگامی طور پر انگلینڈ بھیج دیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام صدر سی کے کھنا نے اس بات کی تصدیق کی کہ سیکیورٹی انچارج اور اینٹی کرپشن یونٹ کے کنسلٹنٹ نیرج کمار کو دھماکے کے فوری بعد انگلینڈ روانہ کردیا گیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سینیئر عہدے دار نے بتایا کہ ’نیرج کمار کو بھارتی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ جانا تھا تاہم حملے کے بعد انہیں قبل از وقت روانہ ہونا پڑا‘۔
یہ بھی پڑھیں: مانچسٹر دھماکوں کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کیلئے سیکیورٹی سخت
انہوں نے کہا کہ ’بلاشبہ وہ انگلینڈ میں ان وینیوز کا دورہ کریں گے جہاں بھارتی کرکٹ ٹیم کو میچز کھیلنے ہیں اور وہاں سیکیورٹی کا جائزہ لیں گے‘۔
خیال رہے کہ نیرج کمار نئی دہلی کے سابق پولیس کمشنر ہیں اور گزشتہ برس بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران وہ سیکیورٹی چیف بھی تھے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے صحافیوں کو بتایا کہ ’دھماکے کے بعد ہم نے آئی سی سی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے سفر، رہائش اور کھیلنے کے علاقوں میں سیکیورٹی کے خدشات سے آگاہ کیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی نے دو گھنٹوں کے اندر جواب دیا کہ وہ سیکیورٹی خدشات سے آگاہ ہے اور ایونٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور آفیلشز کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے برمنگھم میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی مزید سخت کردی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے بھی کھلاڑیوں کو تنہا ہوٹل سے باہر جانے سے روک دیا ہے۔
پاکستان ٹیم ایونٹ میں پہلا میچ 4 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جبکہ اہم میچ سے قبل پاکستان ٹیم 27 مئی کو بنگلہ دیش اور 29 مئی کو آسٹریلیا کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔