حسن علی گولڈن بال اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے
پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار حسن علی اپنی عمدہ باؤلنگ کی بدولر چیمپیئنز ٹرافی میں گولڈن بال اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ لے اڑے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بھارت کے خلاف حسن علی نے 70 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ لی لیکن اس کے بعد انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف تین وکٹیں لے کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اس کے بعد حسن علی نے پلٹ کر نہیں دیکھا اور سری لنکا او رپھر انگلینڈ کے خلاف میچوں میں بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تین تین وکٹیں لیں اور پاکستان کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی فتح پر رشی کپور نے کیا کہا؟
فائنل میں عامر کی عمدہ کارکردگی کے بعد حسن علی نے بھی ٹیمک کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا اور مہندرا سنگھ دھونی، روی چندرہ ایشون اور پھر جسپریت بمراہ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو ایونٹ کا چیمپیئن بنوا دیا۔
حسن علی نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں اور گولڈن بال کا ایوارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
تبصرے (1) بند ہیں