• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاناماکیس کی روزانہ سماعت پرعمران نااہلی کیس میں تاخیر کا امکان: پی ٹی آئی

شائع July 12, 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سپریم کورٹ میں مماثل کیس زیرسماعت ہونے کے باعث پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کو 21 اگست تک ملتوی کردیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے وکیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر سپریم کورٹ میں شریف خاندان کے خلاف پاناما کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر شروع ہوگئی تو عمران خان کے خلاف نااہلی کیس میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ ممنوعہ ذرائع سے فنڈز لینے کے معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے لیے ہاشم علی بھٹہ نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تو چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ 'سپریم کورٹ میں کل اسی نوعیت کے مقدمے کی سماعت تھی'۔

یہ بھی پڑھیں: نااہلی کیس: عمران خان نے درخواست پر اعتراضات اٹھادیے

وکیل پی ٹی آئی نے ای سی پی کو بتایا کہ 'جی سپریم کورٹ میں اسی نوعیت کا مقدمہ زیرسماعت ہے، لیکن اگر سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا آغاز ہوجاتا ہے تو اس کیس میں تاخیر ہوسکتی ہے'۔

جس پر چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا نے ریمارکس دیے کہ 'سپریم کورٹ میں زیرسماعت مقدمہ ای سی پی میں چلنے والے کیس پر بھی اثرانداز ہوگا، دیکھنا یہ ہے کہ سپریم کورٹ میں اس کیس پر کیا کارروائی چلتی ہے'۔

چیف الیکشن کمیشن نے ایڈوکیٹ فیصل چوہدری سے استفسار کیا کہ 'کیا آپ کو اندازہ ہے سپریم کورٹ میں زیرسماعت مقدمہ کب تک مکمل ہوسکتا ہے؟'

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم کسی کے خلاف خود بات نہیں کرتے، ہمارے پاس کوئی پٹیشن آئے تو سننا پڑتی ہے'۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

مخالف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی پریس کانفرنسز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 'ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں باہر زیادہ مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں، جب باہر کہا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کیا'۔

جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 'آپ دونوں فریقین کا مسئلہ یہ ہے کہ آپ باہر زیادہ دلائل دیتے ہیں'۔

جس کے بعد کیس کی ساعت کو آئندہ ماہ 21 اگست تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

یاد رہے کہ درخواست پر 6 جولائی کو ہونے والی آخری سماعت میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنے وکیل کے توسط سے درخواست پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار ہاشم بھٹہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی نصیر بھٹہ کے بیٹے ہیں اور حکمران جماعت کی ایماء پر ہی عمران خان کے خلاف یہ درخواست دائر کی گئی۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے اعتراضات پر دلائل کے لیے سماعت کو 12 جولائی تک ملتوی کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024