ماڈلنگ کے بعد اداکاری پر زیادہ توجہ دے رہا ہوں، عمر شہزاد
پاکستانی ماڈل عمر شہزاد نے اپنی اداکاری کا کیریئر ایک فلم کی آفر سے شروع کیا جس کے بعد وہ ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری میں بھی تیزی سے آگے بڑھتے گئے۔
2016 میں فلم ’تیری میری لو اسٹوری‘ کے ساتھ ڈیبیو کرنے کے بعد اب انہوں نے اپنی دوسری فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ سائن کرلی ہے۔
مزید پڑھیں: ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں ماورا حسین کاسٹ
اس فلم کے حوالے سے عمر شہزاد نے بتایا کہ ’جب ندیم بیگ نے مجھے فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 کی آفر دی اور مجھے میرا کردار بتایا تو میں نے فوری طور پر حامی دے دی کیوں کہ اس فلم کا اسکرپٹ بےحد اچھا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’فلم کا اسکرپٹ مزاحیہ ہے، اس کی شوٹنگ ترکی میں کی گئی، پوری ٹیم کے ساتھ میرا تجربہ نہایت اچھا رہا، میں نے سینئر کاسٹ اور پوری ٹیم کے ساتھ کافی اچھی دوستی کرلی‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’جوانی پھر نہیں آنی‘ تین شوہروں کی کہانی
عمر شہزاد کے مطابق ’ندیم بیگ میرے پسندیدہ ہدایت کار ہیں، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ آپ کو کافی مطمئن رکھتے ہیں اور خود پر بھروسہ دلاتے ہیں، جس سے میں نے کافی اچھا پرفارم کیا‘۔
جوانی پھر نہیں آنی کی ٹیم کے ساتھ کام کرکے عمر شہزاد کو دو باتوں کا اندازہ ہوا اور وہ یہ کے انہیں مزید اداکاری کرنی ہے اور دوسری کے انہیں اچھی ٹیمز کے ساتھ فلموں میں کام کرنا ہے۔
وہ فلموں کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ بھی کررہے ہیں جبکہ عمر ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے میں بھی کافی دلچسپی لے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے سیکوئل میں سائرہ شہروز کاسٹ
عمر شہزاد کو امید ہے کہ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ کو اس کی پہلی فلم سے زیادہ پسند کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ 2015 میں ریلیز ہوئی، جس نے پاکستانی باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا۔
اس فلم کا سیکوئل اگلے سال عید الضحیٰ پر ریلیز ہوگا۔
تبصرے (2) بند ہیں