• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ٹیلی گرام ‘بٹ کوائن‘ کی طرح اپنی کرنسی متعارف کرانے کیلئے کوشاں

شائع January 8, 2018
ڈیجیٹل کرنسی کو ’گرام‘ کا نام دیا جائے گا—فوٹو: ٹیک کرنچ
ڈیجیٹل کرنسی کو ’گرام‘ کا نام دیا جائے گا—فوٹو: ٹیک کرنچ

ویسے تو دنیا بھر میں لوگ ابھی تک ٹھیک طرح سے بٹ کوائن کی لین دین کو بھی نہیں سمجھ سکے، تاہم اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن ’ٹیلی گرام‘ نے ابھی اپنی کرپٹو کرنسی متعارف کرانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

یہ خبریں تو گزشتہ برس دسمبر میں ہی سامنے آئی تھیں کہ ’ٹیلی گرام‘ بھی ’بٹ کوائن‘ کی طرح اپنی ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی متعارف کرانے کا پروگرام بنا رہا ہے، تاہم اب اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آگئیں۔

ٹیکنالوجی ادارے ’ٹیک کرنچ‘ نے ’ٹیلی گرام‘ کے متعدد ذرائع سے خبر دی کہ انسٹنٹ میسیجنگ ایپ شروعاتی طور پر 50 کروڑ امریکی ڈالرز (پاکستانی 50 ارب روپے سے زائد) کی مالیت کی ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ٹیلی گرام اس حوالے سے تھرڈ پارٹی کے تحت ایک خصوصی پرائیویٹ چیٹ فیچر بھی متعارف کرائے گا، جس کے ذریعے ایپلی کیشن اپنے صارفین کو دنیا بھر میں پیسوں کی منتقلی و وصولی کی سہولت فراہم کرے گی۔

انسٹنٹ میسیجنگ ایپ ’ٹیلی گرام اوپن نیٹ ورک‘ (ٹی او این) نامی تھرڈ پارٹی ادارے کا قیام بھی کرے گی، جو ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی کے معاملات کو دیکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کرپٹو کرنسی کیا ہے، اور کیا آپ کو یہ خریدنی چاہئیے؟
—فوٹو: سافٹونک
—فوٹو: سافٹونک

کرپٹو کرنسی کو ’گرام‘ کا نام دیے جانے کا امکان ہے، جسے صارفین اپنے کریڈٹ کارڈ سمیت دیگر آن لائن ذرائع سے خرید سکیں گے۔

گرام کی آن لائن خریداری کے بعد ٹیلی گرام صارف کسی وقت بھی دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک میں کسی بھی شخص کو ’گرام‘ کے ذریعے پیسے منتقل کر سکے گا۔

گرام کی لین دین انکرپٹڈ میسیج چیٹ کے ذریعے ہوگی، اور وصول کرنے والا شخص گرام کی مالیت کی رقم ’ٹیلی گرام‘ کی تھرڈ پارٹی سمیت بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے وصول کر سکے گا۔

مزید پڑھیں: ڈیجیٹل کرنسی کیا ہے، کیسے لین دین ہوتی ہے؟

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ایک ’گرام‘ کی قیمت کیا رکھی جائے گی، اور اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے وسط تک اسے متعارف کرادیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ’ٹیلی گرام‘ کے دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد ایکٹو صارف ہیں۔

ٹیلی گرام، فیس بک میسینجر، واٹس ایپ ، اسکائیپ، وی چیٹ،اور وائبر کی طرح کام کرتی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ٹیلی گرام کی جانب سے ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی متعارف کرائے جانے کے بعد دیگر میسینجنگ ایپس بھی ایسی کرنسی متعارف کرائیں گی۔

اس وقت ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی کا رجحان تیزی سے دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے، دنیا میں بٹ کوائن کی طرح کی متعدد کرپٹو کرنسیاں پیسوں کی لین دین میں استعمال کی جا رہی ہیں۔

ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی میں اس وقت سب سے زیادہ قیمت بٹ کوائن کی ہے۔

دسمبر 2017 کے آخر تک ایک بٹ کوائن کی قیمت 15 ہزار امریکی ڈالرز یعنی پاکستانی 15 لاکھ روپے سے زائد تک پہنچ چکی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024