بلوچستان: پاک-افغان سرحدی علاقے میں دو گروہوں میں تصادم، 8 افراد ہلاک
صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک افغان سرحدی علاقے برچہ کے قریب دو گروہوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق تنازع زمین پر شروع ہوا، جس کے باعث دونوں گروہوں کی جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی، جس سے 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تصادم میں ہلاک ہونے والے 8 افراد میں سے 6 کا تعلق ایک قبیلے جبکہ 2 افراد دوسرے قبیلے سے ہیں جبکہ علاقے کے حالات کشیدہ ہیں۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ: فائرنگ کے واقعات میں بی این پی رہنما سمیت 4 افراد ہلاک
واقعے کے فوری بعد لیویز اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے دو قبائل کے درمیان زمین کا تنازع چل رہا تھا، جس کے بعد 4 فروری کی صبح فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
پنجگور میں دھماکا، ماں اور بیٹی ہلاک
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع پنجگور کے ایک مکان میں ہونے والے دھماکے میں ماں اور بیٹی سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ بیٹا زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ بگٹی: دھماکا اور فائرنگ، بچوں سمیت 7 افراد ہلاک
دھماکے کے فوری بعد پولیس اور لیویز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر تحتیقات شروع کردیں جبکہ زخمی لڑکے کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ضلع پنجگور کے علاقے ٹسپ میں گھر کے باہر دھماکا ہوا تھا۔
اس حوالے سے کمشنر مکران ڈویژن بشیر بنگلزئی نے ڈان کو بتایا کہ یہ دھماکا دستی بم کا تھا، تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
بعد ازاں پولیس نے واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا کہ لڑکے کو گھر کے باہر سے ایک ہینڈ گرینیڈ ملا تھا جو گھر میں کھیل کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا اور اس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی ہلاک ہوگئیں۔