• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی: پاکستان، ویسٹ انڈیز ٹی 20 میچ کے انتظامات مکمل

شائع April 1, 2018 اپ ڈیٹ April 4, 2018

کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جارہا ہے جیسا کہ پاکستان میں 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز یکم، 2 اور 3 اپریل 2018 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

انتظامیہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی کے انتظامات مکمل کرلیے جبکہ میچ کے دوران کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے ہیں اور 17 ہزار اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں 3 سو خواتین کے ساتھ 6 ہزار پولیس اہلکار شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان، ویسٹ انڈیز ٹی 20 سیریز کیلئے ٹریفک پلان

میچ کے دوران سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی تمام سڑکیں بند کی گئیں جبکہ اسٹیڈیم کے اندر کی سیکیورٹی رینجرز اہلکاروں کے سپرد کی گئی ہے اور سیکیورٹی کے پیش نظرشائقین کوکسی بھی قسم کا آتش گیرمادہ، سگریٹ، لائٹر، دوربین اور سیاسی پرچم ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں جبکہ خواتین سے پرس گھر پر چھوڑنے کی درخواست کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق شائقین اپنے ساتھ موبائل فون اور پاور بینک اسٹیڈیم میں لے جاسکتے ہیں جبکہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو ٹکٹس کے ساتھ اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے علاوہ سی سی ٹی وی اور ہائی ریزولوشن کیمروں کی مدد سے نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف کی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ پارکنگ ایریا کی بھی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی اور تمام پارکنگ ایریا میں دس دس واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔

صرف پیسوں کیلئے نہیں کھیل رہے، جونی گریو

ڈان نیوز کے مطابق ویسٹ انڈیز بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جونی گریو نے ایک انٹرویوں کے دوران کہا کہ جن کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے وہ مستقبل کے اسٹارز ہیں جبکہ کچھ کھلاڑیوں نے پاکستان نہ آنےکافیصلہ کیااورہم نےفیصلےکااحترام کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی پر کام کررہے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ صرف پیسوں کے لیے نہیں کھیل رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ورلڈ الیون سیریز سے عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے‘

ویسٹ انڈیز بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ورلڈ الیون کے میچز کے بعد ثابت ہوا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوسکتی ہے۔

جونی گریو کا کہنا تھا کہ ہمارے کئی کھلاڑیوں نے پاکستان میں ورلڈ الیون اور پی ایس ایل میچزکھیلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔

میچ کے دوران ٹریفک پلان

ٹریفک پولیس کے مطابق میچز کے روز شارع فیصل پر کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ گاڑیوں کو ڈرگ روڈ اور وہاں سے راشد منہاس روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پلان کے مطابق راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم جانے والی سڑک بند رکھی جائے گی اور نیپا سے مزار قائد تک، یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بند رہے گی۔

لیاقت آباد 10 نمبر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگی اور وہاں سے آنے والے ٹریفک کو کریم آباد اور عائشہ منزل کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے مخصوص مقامات پر پارکنگ رکھی گئی ہے جن میں گلشن اقبال کا حکیم سعید گراؤنڈ، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور سنڈے بازار گراؤنڈ شامل ہے۔

ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گرانڈ میں بھی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراؤنڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ رکھی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024