• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

فرانس اور کروشیا کی لگاتار دوسری فتح، ارجنٹائن کو 0-3 سے شکست

شائع June 21, 2018 اپ ڈیٹ June 22, 2018
ڈنمارک کے کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف گول پر جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ڈنمارک کے کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف گول پر جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں فرانس نے پیرو اور کروشیا نے ارجنٹائن کو بدترین شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ ڈنمارک اور آسٹریلیا کے درمیان میچ برابر رہا۔

جمعرات کو کھیلے گئے گروپ سی کے پہلے میچ کا آغاز تیزی سے ہوا اور میچ کے 7ویں منٹ میں کرسچن ایرکسن نے گول کر کے ڈنمارک کو آسٹریلیا کے خلاف برتری دلا دی۔

پہلے میچ میں فرانس سے شکست کھانے والی آسٹریلیا کی ٹیم نے اس کے بعد میچ برابر کرنے کی کوششیں شروع کیں، انہیں گول کرنے کا موقع اس وقت ملا جب گول سے چند انچ کے فاصلے پر ڈنمارک کے دفاعی کھلاڑی کے ہینڈ بال کے سبب فاؤل ہونے کی وجہ سے امپائر نے پینالٹی ایوارڈ کردی۔

میچ کے 37ویں منٹ میں ملنے والی اس پینالٹی پر جیڈینیک نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور مقابلہ برابر کردیا۔

ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا اور دوسرے ہاف میں انتہائی کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی جس کے سبب مقابلہ 1-1 پر اختتام پذیر ہوا۔

یہ میچ ڈرا ہونے کے بعد آسٹریلیا کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے تاہم وہ اب بھی پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ سکتے ہیں۔

پہلے میچ میں 2-1 سے شکست کھانے والی آسٹریلین ٹیم کا اس وقت صرف ایک پوائنٹ ہے جبکہ ڈنمارک نے پہلے ہی اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

اب آسٹریلیا کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے پیرو کے خلاف فتح کے ساتھ ساتھ ڈنمارک کی فرانس کے ہاتھوں شکست کا بھی انتظار کرنا ہو گا۔

فرانس بمقابلہ پیرو

دن کے دوسرے میچ میں گروپ ’سی‘ میں فرانس نے پیرو کو شکست دے کر لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

ایکاٹیرن برگ ارینا میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی ٹیم میچ کی ابتدا سے ہی پیرو پر حاوی رہی اور حریف ٹیم کے گول پر یکے بعد دیگرے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

اس دوران فرانس کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن فنشنگ کی کمی کے سبب وہ گول کرنے میں ناکام رہے تاہم 34ویں منٹ میں ایم باپے نے جمود توڑتے ہوئے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

فرانس کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی اور یوں پہلا 1-0 کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

دوسرے ہاف میں پیرو کی ٹیم نسبتاً بہتر حکمت عملی کے ساتھ کھیلتی ہوئی نظر آئی جس کے سبب فرانس کی ٹیم پہلے ہاف کے مقابلے میں گول پر زیادہ حملے نہ کر سکی لیکن اس کے باوجود پیرو کی ٹیم فرانس کی باصلاحیت ٹیم کے سامنے بے بس نظر آئی اور میچ میں ملنے والے چند مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔

دونوں ٹیموں سے کوئی بھی دوسرے ہاف میں گول اسکور نہ کر سکا اور اس طرح میچ 1-0 سے فرانس کی فتح پر منتج ہوا۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی پیرو کی ٹیم ورلڈ کپ کے اگلے راؤنڈ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ فتح کی بدولت فرانس کی ٹیم نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

کروشیا بمقابلہ ارجنٹائن

دن کے تیسرے میچ میں کروشیا نے ارجنٹائن کی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 3-0 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔

نزنی نووگوروڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کروشیا نے ابتدا ہی سے عمدہ کھیل پیش کیا جبکہ ارجنٹائن کی ٹیم شروع سے ہی بجھی بجھی نظر آئی جس کا حریف نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

ایک مرتبہ پھر ارجنٹائن کی ابتدائی ٹیم پر سوالات اٹھائے گئے جنہوں نے یوونٹس کی نمائندگی کرنے والے اپنے نوجوان اسٹار ڈیبالا کو دوبارہ ٹیم کا حصہ نہیں بنایا۔

ہمیشہ کی طرح ارجنٹائن کا دفاع بالکل بے ضرر نظر آیا اور میچ کے پہلے ہاف میں دفاعی کھلاڑی کی غلطی سے کروشیا کو گول کا نادر موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔

دونوں ہی ٹیموں نے پہلے ہاف میں ملنے والے مواقع سے فائدہ نہ اٹھایا جس کے سبب پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف کے 8ویں منٹ میں ارجنٹائن کے گول کیپر نے بھیانک غلطی کی اور وہ گیند کو صحیح طریقے سے کک کرنے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں گیند قریب ہی موجود کروشیا کے آنتے ریبک کے پاس گئی اور انہوں نے زوردار شوٹ سے گیند کو گول کی راہ دکھا دی۔

اس گول کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم مزید تتر بتر دکھائی دی اور کروشیا نے مزید تواتر کے ساتھ حملے کرنا شروع کر دیے جبکہ دوسری جانب کپتان لیونل میسی سمیت ارجنٹائن کا کوئی بھی کھلاڑی اچھی موو نہ بنا سکا۔

میچ کے 80ویں منٹ میں کروشیا کے اسٹار لوکا موڈرک نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا جبکہ انجری ٹائم میں ارجنٹائن کے کمزور دفاع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایوا ریکیٹک نے برتری کو 3 گنا کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ میں فتح کی بدولت کروشیا نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ ارجنٹائن کی ٹیم کی اگلے مرحلے میں رسائی خطرے میں پڑ گئی ہے کیونکہ آئس لینڈ سے کھیلا گیا پہلا میچ ڈرا ہو گیا تھا اور اب انہیں ورلڈ کپ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے نائجیریا کے خلاف لازمی فتح اور گروپ کی دونوں ٹیموں کی شکستیں درکار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024