• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ورلڈ کپ میں بیلجیئم، میکسکو اور دفاعی چیمپیئن جرمنی کی فتح

شائع June 23, 2018 اپ ڈیٹ June 24, 2018
ایڈن ہیزارڈ بیلجیئم کے لیے چوتھا اور اپنا دوسرا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی
ایڈن ہیزارڈ بیلجیئم کے لیے چوتھا اور اپنا دوسرا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی

فیفا ورلڈ کپ 2018 میں بیلجیئم نے تیونس اور میکسکو نے جنوبی کوریا کو شکست دے دی جبکہ دفاعی چیمپیئن جرمنی نے بھی ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔

روس کے دارلحکومت ماسکو میں کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں بیلجیئم نے میچ کے پہلے ہی منٹ سے تیونس کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا۔

میچ کے چھٹے ہی منٹ بیلجیئم نے ایک شاندار موو بنائی اور تیونس کے فاؤل کے نتیجے میں بیلجیئم کو پینالٹی کی جس پر ایڈن ہیزارڈ نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی۔

برتری کے بعد بھی بیلجیئم کے حملوں کا سلسلہ جاری رہا جس کا صلہ انہیں 16ویں منٹ میں رومیلو لوکاکو کے گول کی صوت میں ملا لیکن 18ویں منٹ میں تیونس نے جوابی حملہ کرتے ہوئے گول داغ کر مقابلہ 2-1 کردیا۔

بیلجیئم کو اس بعد بھی گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن وہ موثر فنسشنگ نہ ہونے کے سبب گول کرنے میں ناکام رہے البتہ پہلے ہاف کے اختتامی مراحل میں لوکاکو نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کردیا۔

دوسرے ہاف میں بھی بیلجیئم کی ٹیم چھائی رہی اور 51ویں منٹ میں ایڈن ہیزارڈ نے اپنی ٹیم کے لیے چوتھا اور انفرادی طور پر دوسرا گول اسکور کردیا۔

میچ کے 90ویں منٹ میں بشی بیٹ شوائے نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر بیلجیئم کے لیے پانچواں گول اسکور کیا لیکن میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل تیونس کے وہابی خضری نے گول کر کے خسارے کو کسی حد تک کم کردیا۔

جب میچ ختم ہوا تو 5-2 کا اسکور بیلجیئم کی میچ میں شاندار فتح کا اعلان کررہا تھا جبکہ اس فتح کی بدولت بیلجیئم نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بھی بنا لی جبکہ تیونس کی ٹیم عالمی کپ سے تقریباً باہر ہو گئی ہے۔

دن کے دوسرے میچ میں میکسیکو نے جنوبی کوریا کو دو ایک سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ تک رسائی کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔

روس کے روستوو ارینا میں کھیلے گئے میچ کے 26ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی کے ہینڈ بال کی وجہ سے میکسکو کو پینالٹی ملی جس پر کورلوس ویلا نے گول کر کے شمالی امریکی کو برتری دلائی کو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف کے 21ویں منٹ میں ایشیائی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب ژیویئر ہرنینڈس نے گول کرکے میکسکو کی برتری کو دگنا کردیا۔

اس کے بعد کوریا کی ٹیم نے میچ میں واپسی اور گول کرنے کی متعدد کوششیں کیں لیکن میکسکو کے دفاع نے ان کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا۔

میچ کے انجری ٹائم میں سون ہیونگ من نے خوبصورت گول اسکور کر کے خسارے کو کم کردیا لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور کچھ ہی دیر بعد ریفری نے میچ کے خاتمے کا اعلان کردیا جس میں میکسکو کی ٹیم 2-1 سے فاتح رہی۔

دن کے تیسرے میچ اور اہم ترین میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی نے سوئیڈن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست کر اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھا۔

سوچی کے فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں جرمنی کو ورلڈ کپ میں اپنا سفر برقرار رکھنے کے لیے سوئیڈن کے خلاف لازمی فتح درکار تھی۔

عالمی چیمپیئن ٹیم نے شروع سے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سوئیڈن پر اپنی برتری ثابت کی لیکن جرمن شائقین کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب 32ویں منٹ میں اولا ٹوئیوونین نے گول کر کے سوئیڈن کو میچ میں برتری دلا دی جسے انتہائی کوشش کے باوجود جرمن ٹیم پہلے ہاف میں برابر نہ کر سکی۔

البتہ دوسرے ہاف کے تیسرے ہی منٹ میں ریوس نے گیند کو جال میں پھینک کر مقابلہ برابر کردیا۔

سوئیڈن کی ٹیم کی حکمت عملی سے واضح تھا کہ وہ میچ کو ڈرا کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے ہیں جبکہ دوسری جانب جرمن ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سوئیڈن پر یکے بعد دیگرے حملے کیے لیکن بدقسمتی سے گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔

جرمنی کو میچ کے 82ویں منٹ میں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے اہم ترین دفاعی کھلاڑی جیروم بوٹینگ کو میچ میں دوسرے پیلا کارڈ ملنے پر لال کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا اور دفاعی چیمپیئن ٹیم 10کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔

اختتامی لمحات میں میچ ڈرا کی جانب گامزن ہوتا نظر آ رہا تھا لیکن میچ کے انجری ٹائم کے آخری منٹ میں سوئیڈش کھلاڑی کے فاؤل پر جرمنی کو فری کک ملی اور ٹونی کروز نے عمدہ کک کے ساتھ گیند کو جال میں پہنچا کر جرمنی کو شاندار فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ سے ممکنہ اخراج سے بھی بچا لیا۔

میچ میں جرمنی کی واضح برتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 76 فیصد گیند کا کنٹرول دفاعی چیمپیئن ٹیم کے پاس رہا۔

جرمنی کی ٹیم کا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں آخری میچ جنوبی کوریا کی ٹیم سے ہے لیکن اس میچ میں فتح حاصل کرنے کے نتیجے میں بھی اسے اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے میکسکو اور سوئیڈن کے درمیان میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024