• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پرتگال، اسپین ورلڈ کپ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے

شائع June 26, 2018
اسپین کے آس پاس اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی
اسپین کے آس پاس اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی

فیفا ورلڈ کپ کے گروپ بی میں کے آخری مقابلوں میں پرتگال اور ایران کے ساتھ ساتھ اسپین اور مراکش کا میچ بھی برابر ہو گیا جس کے بعد یورپیئن ٹیموں اسپین اور پرتگال نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پیر کو پرتگال اور ایران کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے مجموعی طور پر اچھا کھیل پیش کیا لیکن گزشتہ میچوں کی نسبت وہ زیادہ فارم میں نظر نہ آئی۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر رہا لیکن ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل ریکارڈو کواریسما نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ہی پرتگال کو برتری دگنی کرنے کا نادر موقع ملا لیکن ریال میڈرڈ کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو پینالٹی پر گول اسکور نہ کر سکے۔

دوسری جانب ایران نے بھی حریف ٹیم کے خلاف گول کی کوششیں شروع کیں جبکہ دوسرے گول کے لیے سرگرداں پرتگال نے متعدد فاؤل کیے اور ان کے 4 کھلاڑیوں پیلا کارڈ دکھایا گیا۔

میچ پرتگال کی فتح کے ساتھ اختتام کی جانب گامزن تھا کہ میچ کے 90منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں ایران پینالٹی ملی جس پر کریم انصاری فرد نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

ایران کو چند منٹ بعد ہی گول کرنے کا ایک اور نادر موقع ملا لیکن ایرانی اسٹرائیکر گیند کو گول میں نہ پھینک سکے اور میچ برابر ہونے کے ساتھ ہی پرتگال نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ ایران کی ٹیم عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

دوسری جانب کلی ننگریڈ میں اسپین اور مراکش کے درمیان بھی میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہوا جس کے ساتھ اسپین لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہونے سے بال بال بچ گیا۔

میچ کی ابتدا میں ہسپانوی شائقین کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب 14ویں منٹ میں خالد بوطیب نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی لیکن 19ویں منٹ میں اسکو کے گول نے مقابلہ برابر کردیا۔

اس کے بعد مراکش کے چار کھلاڑیوں کو فاؤل کرنے پر پیلا کارڈ دکھایا گیا لیکن دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول نہ کر سکا اور پہلا ہاف 1-1 سے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں خصوصاً اسپین کو گول کرنے کے چند مزید مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہ اٹھا سکیں تاہم 81ویں منٹ میں یاسف ناصری نے گول کر کے مراکش کو میچ میں دوسری مرتبہ برتری دلا دی۔

اس گول کے ساتھ ہی اسپین کے ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا لیکن 91ویں منٹ میں آس پاس کے گول نے مقابلہ برابر کر کے اپنی ٹیم کو عالمی کپ سے باہر ہونے سے بچا لیا۔

جب میچ ختم ہوا تو 2-2 کا اسکور اسپین کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کا اعلان کر رہا تھا جبکہ مراکش کی ٹیم ایونٹ میں کوئی بھی میچ نہ جیت سکی اور ایک پوائنٹ کے ساتھ اس کا بھی عالمی کپ میں سفر اختتام پذیر ہوا۔

اگر اسپین کی ٹیم یہ میچ ہار جاتی تو بہتر اوسط کی بنیاد پر ایران کی ٹیم اگلے راؤنڈ میں پہنچ جاتی تاہم دونوں میچ برابر ہونے کے سبب پرتگال اور اسپین اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔

اب ورلڈ کپ کے اگلے راؤنڈ میں اسپین کا مقابلہ میزبان روس اور پرتگال کا یوراگوئے سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024