شعیب ملک 'ورلڈ کپ' جیت کر ایک روزہ کیریئر کے خاتمے کے خواہاں
قومی ٹیم کے سب سے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے ورلڈ کپ 2019 کو اپنے کیریئر کا آخری ون ڈے ٹورنامنٹ قرار دیتے ہوئے ایونٹ جیتنے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے شعیب ملک نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے لیے چند اہداف مقرر کیے تھے اور ان میں سے ایک ورلڈ کپ 2019 جیتنا ہے۔
میں پہلے ہی اپنے کیریئر میں دو اہم ٹائٹل جیت چکا ہوں جن میں ورلڈ ٹی20 اور چیمپیئنز ٹرافی شامل ہیں اور اب بس عالمی کپ جیتنا باقی ہے۔
36سالہ آل راؤنڈر نے کہا کہ میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر ٹیم کو آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والا عالمی کپ جتوانے کی پوری کوشش کروں گا۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر فٹنس برقرار رکھنے میں کامیاب رہا تو مزید 2سال ٹی20 کرکٹ کھیلنا چاہوں گا۔
Shoaib Malik eyes a World Cup win as the perfect swansong to his ODI career pic.twitter.com/igPCTbttNl
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) June 26, 2018
شعیب ملک کو اپنے کیریئر کے درمیانی حصے میں قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور محدود اوور کی کرکٹ پر بھرپور توجہ دینے کی بدولت ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی اور گزشتہ چند سالوں سے وہ پاکستان کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے مستقل رکن ہیں۔
تجربہ کار آل راؤنڈر دورہ زمبابوے کے لیے بھی پاکستان کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کا حصہ ہیں جہاں پاکستانی ٹیم میزبان زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی20 سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ زمبابوے سے 5 میچوں کی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی۔