• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بڑا اپ سیٹ! دفاعی چیمپیئن جرمنی ورلڈ کپ سے باہر

شائع June 27, 2018 اپ ڈیٹ June 28, 2018
جنوبی کوریا کے کم یونگ گون اپنی ٹیم کا پہلا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی
جنوبی کوریا کے کم یونگ گون اپنی ٹیم کا پہلا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی

فیفا ورلڈ کپ 2018 میں جنوبی کوریا نے سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو 0-2 سے شکست دے کر عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر کردیا۔

کازان ارینا میں کھیلے گئے میچ میں دفاع چیمپیئن جرمنی کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے میچ میں لازمی فتح درکار تھی لیکن میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی گیند کا کنٹرول زیادہ تر جرمنی کے پاس رہا لیکن مجموعی طور پر کوریا کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمنی میچ کے دوران ملنے والے مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی کوئی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے 90 منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں کم یونگ گون نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

ابھی جرمنی کی ٹیم اس حملے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایشین ٹیم نے اپنے ہاف میں موجود دفاعی چیمپیئن ٹیم کے گول کیپر نوئر کو چکمہ دے کر سون ہیونگ من کو گیند پاس کی جنہوں نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں 0-2 سے برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ میں 0-2 سے شکست کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی۔

یہ 80سال میں پہلا موقع ہے کہ جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوئی ہے جہاں اس سے قبل 1938 کے عالمی کپ میں جرمن ٹیم کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہو گیا تھا۔

1938 کا ایونٹ ناک آؤٹ راؤنڈ کی طرز پر کھیلا گیا تھا جہاں جرمنی کو سوئٹزرلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ جرمنی کی ٹیم گروپ اسٹیج سے آگے نہ پہنچ سکی ہو۔

دوسری جانب سے گروپ ایف کے ایک اور اہم میچ میں سوئیڈن نے میکسکو کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

ایکاٹیرن برگ ارینا میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے ہاف کے 5ویں منٹ میں آگسٹنسن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

میچ کے 62ویں منٹ میں سوئیڈن نے ایک شاندار موو بنائی لیکن میکسکو کے کھلاڑی نے انہیں گول سے چند قدم کے فاصلے پر گرا کر فاؤل کیا جس پر سوئیڈن کو پینالٹی ایوارڈ کردی اور ایندریاس گرینکوسٹ نے اس پر گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی۔

12منٹ بعد ہی میکسکو کو ایک اور دھچکا لگا جب ایڈسن الواریز نے گول کر کے مقابلہ 3-0 کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

اس میں شاندار فتح کے ساتھ ہی سوئیڈن نے گروپ ایف میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ میکسکو کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024