• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

انتخابات 2018: پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ

شائع June 29, 2018

الیکشن کمیشن پاکستان ( ای سی پی ) نے 25 جولائی 2018 کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق عوام کی سہولت کے پیش نظر پولنگ کے اوقات کار صبح 8 سے شام 6 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے کہا گیا کہ پولنگ کے وقت میں اضافے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: عام انتخابات: پولنگ کے اوقات بڑھانے کا مطالبہ مسترد

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے پولنگ کے وقت میں توسیع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے 8 بجے تک بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔

تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ الیکشن کے دن 12 سے سہ پہر 4 بجے تک شدید گرمی ہوگی جس کی وجہ سے عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال میں دشواریوں کا سامنا ہوگا۔

تاہم الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات 2018 کے پولنگ کے وقت کو بڑھانے کا مطالبہ مسترد کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات: تحریک انصاف کا پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ

الیکشن کمشین کے حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پولنگ کا وقت قانون کے مطابق مقرر ہے اور اسے بڑھانے کا اختیار کمیشن کا ہے لیکن اتنا وقت بڑھانے کی فی الحال ضرورت نہیں ہے۔

حکام کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ پولنگ کے وقت میں انتہائی مجبوری اور ضرورت کے تحت کچھ دیر کا اضافہ کیا جاسکتا ہے، تاہم پولنگ کے اوقات صبح 8 تا 5 بجے سے زیادہ نہیں بڑھا سکتے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر جو لوگ 5 بجے کے بعد بھی موجود ہوں گے انہیں ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع دیا جائیگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024