اینڈی رچرڈز پاکستان ویمن ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اینڈی رچرڈز کو قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ اور بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیا۔
اینڈی رچرڈز کوئنز لینڈ فائر اینڈ برسبین ہیٹ کے ساتھ ہیڈ کوچ کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں اور انہیں قومی ٹیم کی بیٹنگ میں بہتری کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
وہ رواں سال بیرون ملک شیڈول پاکستان ویمن ٹیم کی چار اہم سیریز میں معاونت کریں گے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق اینڈی رچرڈز ویمن کرکٹ کے ساتھ مستقبل میں جن سیریز میں اپنی خدمات سر انجام دیں گے ان میں آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ، راؤنڈ تھری ( پاکستان مقابلہ آسٹریلیا)، آئی سی سی ویمن ورلڈ ٹی20( ویسٹ انڈیز)، آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ راؤنڈ فور(پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز)، آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ راؤنڈ فائیو (پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ) شامل ہیں۔
اینڈی رچرڈز کے پاس ویمن کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے اور امید کی جارہی ہے کہ ان کی تعیناتی سے ویمن کرکٹ کی بیٹنگ میں بہتری آئے گی۔