ہم سے الیکشن چھیننے کی کوشش ملکی استحکام کیلئے زہرقاتل ہوگی، فاروق ستار
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے انتخابی مہم کے آخری روز لیاقت آباد فلائی اوور پر پاور شو کیا۔
جلسے میں ایم کیو ایم کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کنونئیر خالد مقبول صدیقی نے جلسے کو تاریخ ساز قرار دیا اور کہا کہ محکوموں کی حکمرانی کا وقت آگیا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر برقرار
ان کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ تاریخی ریکارڈ توڑنے والا ہے، ہمارا مقابلہ کسی مچھلی سے نہیں، اپنے پرانے ریکارڈ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مقابلہ کانٹے کا نہیں، معاملہ کانٹے کا ہے، ہم نےجن کو آزادی دلائی تھی وہ ابھی تک غلامی سے آزاد نہیں ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو پاکستان کا نصیب بھی بدل کر رکھ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 'متحدہ میں اختلافات کا الزام اسٹیبلشمنٹ پر لگانا بے بنیاد ہے'
ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما فاروق ستار نے بھی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سے اگر کسی نے الیکشن چھیننے کی کوشش کی تو یہ ملکی استحکام کیلئے زہرقاتل ہوگا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مردم شماری میں ہماری آدھی آبادی کم کی گئی اور حلقہ بندیوں میں ہمارے ساتھ ظلم اور زیادتی کی گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا بحال ہونا ملکی استحکام کیلئے ضروری ہےاور ایم کیوایم اپنے مخالفین کو کراچی میں شکست دے گی۔