عظیم کرکٹر یونس خان متحدہ مجلس عمل کے حامی
عام انتخابات 2018 میں چند گھنٹے باقی ہیں اور ملک بھر کی اہم شخصیات سمیت کرکٹرز بھی اپنی پسندیدہ شخصیات اور جماعت کو ووٹ دینے کا مطالبہ کررہی ہیں۔
جہاں قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس کے ساتھ ساتھ محمد حفیظ نے پاکستان تحریک انصاف کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دینے کا مطالبہ کیا وہیں سابق عظیم کرکٹر یونس خان نے بھی سیاسی جماعت کی حمایت کا اعلان کردیا۔
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے والے واحد بلے باز نے متحدہ مجلس عمل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے چاہنے والوں سے انہیں ووٹ دینے کا مطالبہ کیا۔
یونس خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ علیم خان غوری عام انتخابات میں حلقہ این اے-239 سے کتاب کے نشان کے ساتھ الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ایم ایم اے کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ غوری صاحب ایک ایماندار، صاف ستھرے اور تعلیم یافتہ فرد ہیں اور مجھے امید ہے کہ جب وہ این اے-239 سے منتخب ہو کر رکن اسمبلی بنیں گے تو ان کی بدولت ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، کھوکھرا پار، رفاہ عام سوسائٹی میں تبدیلی آئے گی، انشااللہ۔
یونس خان نے کہا کہ میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔