ہمارے پولنگ ایجنٹس کو ووٹنگ کے دوران باہر نکال گیا دیا، پیپلز پارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی کے علاقے لیاری میں قومی اسمبلی کی نشست پر ووٹوں کی گنتی کے دوران ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا ہے جبکہ فارم 45 بھی مہیا نہیں کیا جارہا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا اور صرف 2 گھنٹے میں یہاں مکمل نتیجہ سامنے آگیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جبکہ کراچی کے علاقے لیاری کا حلقہ 2 کلومیٹر سے بھی کم ہے لیکن اس کا 22 گھنٹے بعد بھی نتیجہ نہیں آیا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے حلقے سے فارم 45 ایک طرح کی جنگ لڑ کر حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سعید غنی جیسے کارکن کو کراچی کے غیر معروف حلقے میں 27 ہزار ووٹ ملے ہیں لیکن لیاری کے حلقوں میں پیپلز پارٹی کو صوبائی اسمبلی کی نشست پر صرف 10 یا اس سے زائد ووٹ ملے ہیں‘۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ 82 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 ہمارے پاس موجود ہیں، جن میں ہمیں 3 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہے، تاہم جو فارم 45 فراہم نہیں کیے گئے ان میں معلوم نہیں کہ کیا ہورہا ہے۔