• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، مودی کا عمران خان کو فون

شائع July 30, 2018 اپ ڈیٹ August 2, 2018

اسلام آباد: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز کے عزم کا اظہار کردیا۔

تحریک انصاف کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدبیر کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’جنگیں اور خونریزی سے تناعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کے لیے حکومتوں کو مشترکہ تدابیر کرنا ہوں گی۔

دوسری جانب بھارت کی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نریندر مودی نے عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں امید کا اظہار کیا کہ حالیہ انتخابات سے پاکستان میں جمہوریت کی جڑی مضبوط ہوں گی۔

انہوں نے پورے خطے میں امن اور ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صدر کی عمران خان کو مبارکباد، دورے کی دعوت

چینی سفیر کی عمران خان سے ملاقات

دوسری جانب عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر یاؤ جنگ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چینی سفیر نے انتخابات کے بعد خطاب میں چین کے بارے میں چیئرمین تحریک انصاف کے خیالات کا خیر مقدم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بانیان کی جدوجہد تاریخ میں منفرد مقام کی حامل ہے، پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے تحریک انصاف کے نظریے کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا نظریہ قابل تعریف ہے، معیشت، سفارت اور عالمی معاملات میں پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔

عمران خان چینی سفیر سے ملاقات کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی میڈیا
عمران خان چینی سفیر سے ملاقات کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی میڈیا

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف نے تہنیتی پیغامات اور نیک تمناؤں کے اظہار پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تحریک انصاف چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کیلئے چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے اور ماحولیات کے تحفظ اور ایکو سولائزیشن کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ اشتراک میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت سبز ترقی، نیشنل پارکس اور قابل تجدید توانائی کے فروغ میں بھی چین کی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانا چاہے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024