ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ کا دوسرا دن پجارا اور معین علی کے نام
معین علی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھاری برتری کے حصول سے محروم کردیا لیکن چتیشور پجارا کی شاندار سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں معمولی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 246 رنز کے جواب میں بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 19رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو 37کے اسکور پر لوکیش راہل پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کو دن کی ابتدا میں ہی اس وقت دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب اسٹورٹ براڈ نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جلد ہی دوسری کامیابی بھی دلا دی۔
50رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہونے کے بعد چتیشور پجارا اور ویرات کوہلی وکٹ پر یکجا ہوئے اور تیسری وکٹ کے لیے 92رنز کی شراکت قائم کر کے بھارت کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
سیم کیورن نے 46 رنز بنانے والے حریف کپتان کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا جبکہ بین اسٹوکس نے راہانے کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔
اس موقع پر معین علی کو باؤلنگ پر لایا گیا اور انہوں نے ایک شاندار اسپیل کرتے ہوئے بھارت کی میچ میں بھاری برتری کے خواب کو چکنا چور کردیا۔
آف اسپنر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے مزید 16رنز کے اضافے سے بھارت کی اگلی 4وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
دوسرے اینڈ پر موجود چتیشور پجارا نے ایشانت شرما کے ساتھ مل کر اسکور 227تک پہنچا ہی تھا کہ معین نے ٹیل اینڈر کو پویلین لوٹا کر اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔
تاہم دوسرے اینڈ سے پجارا ڈٹے رہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 15ویں سنچری مکمل کی اور انگلینڈ کی برتری کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو بھی برتری دلا دی۔
بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 273رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی لیکن چتیشور پجارا نے ناقابل شکست 132رنز کی اننگز کھیلی جس میں 16چوکے شامل تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین نے 5 اور براڈ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 6رنز بنائے تھے اور اسے بھارت کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 21رنز درکار ہیں۔
یاد رہے کہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو بھارت پر 1-2 کی برتری حاصل ہے۔