• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان سے ٹیسٹ سیریز، آسٹریلین اسکواڈ سے میکسویل ڈراپ

شائع September 11, 2018 اپ ڈیٹ September 15, 2018

کھلاڑیوں پر پابندی اور انجریز جیسے مسائل سے دوچار آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 15رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس سے گلین میکسویل اور ہینڈزکومب کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز میں آسٹریلیا کو اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ ان تینوں کھلاڑیوں پر بال ٹیمپرنگ کے الزام میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: بال ٹیمپرنگ معاملہ: اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد

اس کے علاوہ انجری کا شکار فاسٹ باؤلرز پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وڈ بھی آسٹریلیا کو دستیاب نہیں ہوں گے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کو دیکھتے ہوئے 5نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جو ممکنہ طور پر آسٹریلیا کے لیے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔

جن پانچ کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ان میں مائیکل نیسر، برینڈن ڈوگیٹ، مارنس لیبس چاگنے، ٹریوس ہیڈ اور ایرون فنچ شامل ہیں۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں تجربہ کار پیٹر سڈل اور ایشٹن ایگار کو بھی شامل کیا گیا ہے البتہ گلین میکسویل اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔

آسٹریلین سلیکٹر ٹریوس ہونز نے کہا کہ متعدد اہم کھلاڑیوں کی غیرموجودگی میں ہمارے اسکواڈ میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں اور متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے ہمیں یقین ہے کہ اسکواڈ تمام شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 62ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پیٹر سڈل بہت تجربے کے حامل کھلاڑی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے انگلش فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ فارم کا مظاہرہ کیا ہے لہٰذا ہمیں امید ہے کہ ان کا تجربہ ہمارے باؤلنگ یونٹ کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: مبینہ اسپاٹ فکسنگ الزامات پر گلین میکسویل برہم

اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت ٹم پین کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، ایشٹن ایگار، عثمان خواجہ، برینڈن ڈوگیٹ، ٹریوس ہیڈ، جون ہولینڈ، مارنس لیبس چاگنے، نیتھن لایون، مچل مارش، شان مارش، مائیکل نیسر، میتھیو رینشا، پیٹر سڈل اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیمیں 16اکتوبر سے ابوظہبی میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

یاد رہے کہ 2014 میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 0-2 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024