’پی ٹی آئی سے حکومت نہیں سنبھالی جارہی‘
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے حکومت نہیں سنبھالی جارہی، انہیں نا تجربہ کاری کی وجہ سے پریشانی ہورہی ہے۔
لاہور میں ضمنی انتخاب کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی انتخابی مہم جاری ہے جس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں نے عوامی رابطے شروع کردیے۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں اپنی انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ڈیفنس میں لیگیوں کی کمی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا دبدبہ نہیں تھا، عام انتخاب میں اس حلقے کے نتائج کچھ اور تھے، اگر یہاں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی اجازت مل جاتی تو اس حلقے میں دوبارہ ضمنی الیکشن نہ ہوتا۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات: قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 37 نشستوں کیلئے 380 امیدوار
انہوں نے کہا کہ ہمارے ارد گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہیں خیال ہونا چاہیے کہ یہ وقت کبھی ان پر بھی آسکتا ہے۔
اپنے دورِ اقتدار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’ مری ہوئی ریلوے کو اللہ کے حکم سے ہم نے زندہ کیا‘۔
پی ٹی آئی حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں بجلی، گیس سمیت ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے حکومت نہیں سنبھالی جارہی، اور نہ تجربہ کاری سے انہیں پریشانی ہورہی ہے، جبکہ دورہ سعودی عرب کے بعد بیان نے ان کے لیے مصیبت کھڑی کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات: مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان تعاون کی کوششیں
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نئی حکومت سے سی پیک نہیں چل رہا، یہ جو پالیسی لا رہی ہے اور اس منصوبے کے شراکت دار چین کو قبول نہیں ہوگی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’جو معاہدہ ایک حکومت کرتے ہے اسے آئندہ آنے والی حکومت نہیں بدلتی، ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان کو ریورس گیئر لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند ملک کے ساتھ تعلقات بہتر رکھنا پاکستان کے لیے بے حد ضروری ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے پاکستان کے ہمسائے ممالک کے ساتھ تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت ہمارے در پر ہے، اور افغانستان میں حالات بہتر ہونے پر پاکستان میں بھی حالات میں بہتری آئے گی‘۔
شاہد خاقان عباسی نے بھی انتخابی مہم تیز کردی
ادھر سابق وزیرِ اعظم اور قومی اسمبلی کی نشست این اے 124 پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی نے بھی اپنی انتخابی مہم تیز کردی۔
شاہد خاقان عباسی این اے 124 لاہور میں اکرم روڈ پاک نگر جہاں ان کے اور ان کے ہمراہ موجود میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔
سابق وزیرِاعظم اراکین صوبائی اسمبلی مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور مرزا جاوید کے ہمراہ بگھی پر سوار ہو کر تقریب میں پہنچے تھے۔
شاہد خاقان عباسی نے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کے ہمراہ دربار عالیہ سید موسیٰ زنجانی میں حاضری دی اور فاتح خوانی کی۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا اتحاد
اس موقع پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اس حلقے سے ایک مرتبہ پھر شیر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’حقائق کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، آج سب نے دیکھ لیا کہ نواز شریف کی حکومت کیا تھی اور عمران خان کی حکومت کیا ہے‘۔
سابق وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ جو حکومت عوام کے مینڈیٹ سے نہیں بلکہ چور دروازے سے آئی ہو وہ پاکستان کو بہتر مستقبل نہیں دے سکتی، بچہ بچہ یہ کہتا ہے کہ الیکشن چوری کیا گیا ہے۔
حکومتی کارکردگی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’ملک کو ترقی نواز شریف نے دی، عمران خان کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے‘۔