• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 6وکٹوں سے شکست

شائع December 28, 2018
جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا اور ڈین ایلگر نے 119رنز کی فتح گر شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا اور ڈین ایلگر نے 119رنز کی فتح گر شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کی بدترین بیٹنگ پرفارمنس کے بعد ناقص فیلڈنگ اور متنازع امپائرنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹ سے فتح اپنے نام کر کے سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی۔

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں جنوبی افریقہ نے 149رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دن کے دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے ایڈن مرکرم کو پویلین لوٹا دیا جو وکٹوں کے سامنے پیر لانے کے جرم میں آؤٹ قرار پائے۔

مزید پڑھیں: سنچورین ٹیسٹ: پاکستان کے پاس تاریخ رقم کرنے کا نادر موقع

اس موقع پر پاکستانی باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو رنز بنانے سے باز رکھا اور رنز کے حصول کی کوشش میں حسن علی کی گیند پر ہاشم آملا غلطی کر بیٹھے لیکن سلپ میں موجود فخر زمان ان کا سیدھا کیچ تھامنے میں ناکام رہے اور بعد میں یہی کیچ پاکستان کو کافی مہنگا پڑا۔

دوسرے اینڈ سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اگلے ہی اوور میں ڈین ایلگر سلپ میں اظہر علی کو کیچ دے بیٹھے البتہ جنوبی افریقی بلے باز کو گیند زمین پر گرنے کا شبہ ہوا جس کے سبب تھرڈ امپائر سے رابطہ کیا گیا۔

ری پلے سے واضح تھا کہ اظہر علی نے گیند کو زمین پر گرنے سے قبل ہی تھام لیا لیکن پاکستانی ٹیم سمیت میدان میں موجود تمام ہی افراد اس وقت دنگ رہ گئے جب ٹی وی امپائر نے ایلگر کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

ان دو مواقعوں کے بعد دونوں بلے بازوں نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کر کے میچ میں پاکستانی ٹیم کی واپسی کے تمام دروازے بند کر دیے۔

119 رنز کی اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب پارٹ ٹائم باؤلر شان مسعود کی گیند پر ایلگر وکٹوں کے عقب میں کیچ دے بیٹھے، ننہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 50رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: کوچ مکی آرتھر اور کھلاڑیوں کے درمیان کوئی بدنظمی نہیں ہوئی، ٹیم انتظامیہ

ڈی برون کی اننگز 10رنز پر تمام ہوئی اور یاسر شاہ نے انہیں آؤٹ کر کے میچ میں واحد وکٹ حاصل کی جبکہ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی دوسری اننگز میں بھی صفر پر پویلین لوٹے۔

البتہ ان نقصانات کے باوجود جنوبی افریقہ نے باآسانی 4وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ میں 6وکٹوں سے فتح حاصل کر لی، آملا 63رنز بنا کر باقابل شکست رہے۔

جنوبی افریقی باؤلر ڈوان اولیویئر کو میچ میں 11وکٹیں پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024