• KHI: Maghrib 6:57pm Isha 8:17pm
  • LHR: Maghrib 6:35pm Isha 8:02pm
  • ISB: Maghrib 6:43pm Isha 8:12pm
  • KHI: Maghrib 6:57pm Isha 8:17pm
  • LHR: Maghrib 6:35pm Isha 8:02pm
  • ISB: Maghrib 6:43pm Isha 8:12pm

غیرملکی کمپنیوں کا ہاؤسنگ اور صنعتکاری میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ

شائع March 6, 2019
عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی — فائل فوٹو: اے پی پی
عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی — فائل فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد دو کمپنیوں نے پاکستان کے ہاؤسنگ اور صنعت کاری کے شعبے میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے بدھ کو اسلام آباد میں ژوزھو کنسٹرکشن مشینری گروپ کارپوریشن لمیٹیڈ کے گلوبل سیلز کے صدر اور جنرل منیجر ڈاکٹر ہانسن لی کے ساتھ ایچ ایس ایس گروپ کے سربراہ سید ثمن ہاشمی نے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق چین کے تعمیراتی شعبے میں صف اول کی کمپنی تصور کی جانے والی ژوزھو کنسٹرکشن پاکستان میں بھاری مشینری کے مینوفیکچرنگ پلانٹ اور اسمبلی لائن بنانے کی خواہاں ہے۔

بلند و بالا عمارتوں اور ہاؤسنگ اسکیم بنانے میں مہارت کا حامل ژوزھو کنسٹرکشن گروپ وزیر اعظم عمران خان کی نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں شراکت داری کی خواہاں ہے جس کے تحت پانچ سال کے عرصے کے دوران کم آمدنی والے طبقے کے لیے 50 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر حکومت کا سب سے نمایاں پروگرام ہے جس سے صنعتوں اور ملک کے نوجوانوں کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ٹیکس نظام کو بدلنا ہوگا، وزیر اعظم

انہوں نے ہاؤسنگ اسکیم اور ملک کے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں دلچسپی ظاہر کرنے پر دونوں گروپس کا خیرمقدم کیا۔

وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، کاروبار پر آنے والی لاگت میں کمی اور کاروباری کو آسان بنانے جیسے اقدامات کی نشاندہی کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 5 برسوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کے منصوبے سے متعلق کمیٹی کو ہدایت کی تھی کہ وہ 2 ہفتوں میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر پیش کریں۔

وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیر صدارت 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے پہلا اجلاس ہوا تھا جس میں سیکریٹری ہاؤسنگ نے موجودہ صورتحال اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سالانہ طلب اور کمی پر بریفنگ دی تھی۔

اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا تھا کہ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے پاکستان میں صرف 0.25 فیصد لوگ ہی گھر بنانے کے لیے قرضہ لیتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں لوگ لون لے کر اپنا گھر تعیمر کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 اپریل 2025
کارٹون : 20 اپریل 2025