• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی:عمارت میں آتشزدگی، جان بچانے کیلئے چھلانگ لگانے والے 2 افراد جاں بحق

شائع March 21, 2019
آتشزدگی کے باعث لوگ عمارت میں محصور ہوگئے— اسکرین شاٹ
آتشزدگی کے باعث لوگ عمارت میں محصور ہوگئے— اسکرین شاٹ

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عمارت میں لگنے والی آگ کے دوران جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے والے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

شہر قائد میں یونیورسٹی روڈ پر نور ٹریڈ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 4 سے 5 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آتشزدگی پر فوری طور پر فائربریگیڈ حکام کو مطلع کیا گیا، تاہم گاڑیوں کو پہنچنے میں تھوڑی تاخیر ہوئی اور شہریوں کی جانب سے جان بچانے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔

مزید پڑھیں: کراچی: فیکٹری میں بوائلر کے دھماکے سے 6 مزدور جاں بحق

آتشزدگی کے باعث یونیورسٹی روڈ پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پیدا ہوا۔

آگ لگنے کی وجہ سے عمارت میں موجود لوگ محصور ہوگئے اور انہوں نے کھڑکیاں توڑکر اور رسیوں کی مدد سے اترنے کی کوشش کی، اسی دوران ایک شخص نے جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگا لی۔

واقعے کے دوران 2 افراد جھلس کر جبکہ 5 افراد جان بچانے کی کوشش کے دوران زخمی ہوگئے، جس میں سے ایک شخص جس نے عمارت سے چھلانگ لگائی تھی وہ جاں بحق ہوگیا، جس کی حمزہ کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سٹی کورٹ کراچی میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل کر خاکستر

ادھر فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ عمارت میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مختلف منزلوں کو لپیٹ میں لے لیا تھا، تاہم آگ پر قابو پالیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب آتشزدگی کے واقعے میں زخمی ہونے والے زخمیوں کو سول ہسپتال لے جایا گیا، جہاں زیادہ زخمی ہونے والوں کو جناح اور لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

اس حوالے سے سول ہسپتال کے ڈاکٹر احمر نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ ایک زخمی کا جسم 12 فیصد جھلس گیا ہے، ان زخمیوں کی شناخت مجاہد، بلال، سبحان اور اسامہ کے ناموں سے ہوئی ہیں۔

واقعے کے بارے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلشن طاہر نورانی کا کہنا تھا کہ عمارت سے چھلانگ لگانے والے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

طاہر نورانی کا کہنا تھا جاں بحق ایک شخص کی شناخت جہانزیب کے نام سے ہوئی جبکہ جھلسنے سے خاتون سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس بارے میں لیاقت نیشنل ہسپتال کی ڈاکٹر انجم رضوی کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ایک شخص کی لاش لائی گئی، جس کی شناخت جہانزیب کے نام سے ہوئی اور عمر 30 سے 33 برس کے درمیان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 3 زخمیوں کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا، جنہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کردیا گیا، اس زخمیوں میں 26 سالہ فدا حسین، 19 سالہ ولید اور 40 سالہ صالحہ غوث شامل ہیں۔

علاوہ ازیں 4 معمولی زخمی بھی ہسپتال لائے گئے، جنہیں طبی امداد دے کر روانہ کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024