واٹس ایپ میں جلد متعارف کرائے جانے والے چند بہترین فیچرز
واٹس ایپ میں بہت جلد اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کئی فیچرز متعارف کرائے جارہے ہیں جن کو فی الحال بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔
یہ واٹس ایپ کے ایسے فیچرز ہیں جو صارفین کو ضرور پسند آئیں گے۔
کچھ فیچرز تو ایسے ہیں جو آئی فون صارفین کو پہلے ہی دستیاب ہیں مگر اب اینڈرائیڈ میں متعارف ہونے والے ہیں جبکہ ڈارک موڈ ایسا فیچر ہے جس کا انتظار کافی عرصے سے لوگوں کو ہے۔
تو ایسے ہی نئے اور جلد متعارف کرائے جانے والے واٹس ایپ فیچرز کے بارے میں جانیں جو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
ڈارک موڈ
ڈارک موڈ وہ فیچر ہے جس کا وعدہ واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی فیس بک نے گزشتہ سال کیا تھا اور اب اس کی آزمائش شروع ہوگئی ہے، یہ ڈارک موڈ پبلک بیٹا ورژن میں تو دستیاب نہیں مگر اس کے اسکرین شاٹ ضرور سوشل میڈیا پر گردش کررہے ہیں جن کے مطابق صارفین پس منظر میں ڈارک گرے رنگ کو استعمال کرسکیں گے، آئیکون اور ہیڈنگز واٹس ایپ کے گرین کلر میں نظر آئیں گی جبکہ ٹیکسٹ سفید رنگ کا ہوگا۔
فنگر پرنٹ سے ایپ اوپن کرنا
یہ فیچر رواں سال فروری میں آئی فون صارفین کے لیے متعارف ہوچکا ہے جو صارفین کو یہ ایپ فنگرپرنٹ سے لاک اور ان لاک کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس فیچر کو ابھی اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے اور صارفین کو ایک منٹ، دس منٹ، تیس منٹ یا فوری کے آپشن دیئے جارہے ہیں۔ اگر واٹس ایپ فنگرپرنٹ کو شناخت کرنے میں ناکام ہوگا اور متعدد ناکام کوششیں ہوں گی تو یہ ایپ لاک ہوجائے گی۔
مسلسل وائس میسجز
یہ فیچر صارفین کو کئی آڈیو پیغامات ایک ساتھ سننے میں مدد دے گا یعنی جب کسی صارفین کو کئی آڈیو پیغامات ملیں گے تو وہ انہیں مسلسل چلا سکے گا، ابھی ہر آڈیو میسج کو الگ سے پلے پریس کرکے سننا پڑتا ہے، اس فیچر سے یہ زحمت نہیں کرنا پڑے گی۔ اس فیچر کی آزمائش بھی ابھی بیٹا ورژن میں ہورہی ہے۔
پکچر ان پکچر بیک گراﺅنڈ پلے
یہ فیچر تو ابھی بھی صارفین کو دستیاب ہے جس سے یوٹیوب اور انسٹاگرام ویڈیوز کو واٹس ایپ میں ہی پلے کیا جاسکتا ہے مگر ابھی چیٹ سے باہر ویڈیوز دیکھنا ممکن نہیں ہوتا، مگر ایک نئی اپ ڈیٹ پر کام کیا جارہا ہے جس سے ویڈیوز کو ایپ کلوز کرنے پر دیکھنا بھی ممکن ہوگا، یہ بالکل نیٹ فلیکس کے پکچر ان پکچر موڈ جیسا فیچر ہے۔