ندا ڈار کی ریکارڈ ساز اننگز کے باوجود پاکستان کو شکست

شائع May 22, 2019
ندا ڈار نے 75 رنز بنانے کے بعد ایک وکٹ بھی لی— تصویر بشکریہ پی سی بی
ندا ڈار نے 75 رنز بنانے کے بعد ایک وکٹ بھی لی— تصویر بشکریہ پی سی بی

بینونی: جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم نے چوتھے ٹی20 میں پاکستان ویمنز کوچار وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

بدھ کو کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سائوتھ افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی جانب سے تیز ترین ٹی20 نصف سنچری کا ریکارڈ ندا ڈار کے نام

پاکستانی ٹیم صرف 10رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہو گئی لیکن اس کے بعد کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو بڑے مجموعے تک رسائی دلائی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 172رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 20گیندوں پر ویمنز ٹی20 کی تاریخ کی دوسری تیز ترین نصف سنچری بنائی۔

ندا ڈار نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلتے ہوئے 37گیندوں پر 3چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 75رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں بسمہ معروف 37 اور عالیہ ریاض 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے شبنیم اسماعیل نے 2، ڈینئرز، کلیرک اورلوس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم میں انتشار کی افواہوں پر سرفراز احمد برہم

جواب میں جنوبی افریقہ ویمنز نے 173رنز کا ہدف 6وکٹوں کے نقصان پر 19.1اوورز میں پورا کر لیا، مین آف دی میچ لیزیلی لی نے 60رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے تین ،کائنات امتیاز ،ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024