بولی وڈ فلم ساز کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی
بولی وڈ ہدایت کار انوراگ کشیپ نے بیٹی کو سوشل میڈیا پر ریپ کی دھمکی دیے جانا کا مقدمہ درج کروا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوراگ کشیپ کی بیٹی عالیہ کشیپ کو ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردہ ایک تصویر میں چوکیدار رام سانگھی نامی صارف نے ریپ کی دھمکی دی تھی۔
جس کے بعد انوراگ کشیپ نے اس کمنٹ کا اسکرین شاٹ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کردیا۔
انوراگ کشیپ کے مطابق جوکیدار رام نامی یہ صارف بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا سپورٹر ہے، جو ان کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں اس لیے دے رہا ہے کہ کیوں کہ انوراگ نریندر مودی کے حامی نہیں۔
بولی وڈ ہدایت کار نے چند روز قبل اپنی ٹویٹ میں یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے نریند مودی کو بھارتی انتخابات میں جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ 'نریندر مودی آپ کو جیت کی مبارکباد، لیکن برائے مہربانی ہمیں یہ بھی بتادیں کہ ہم آپ کے اس قسم کے حامیوں سے کیسے نمٹیں جو آپ کی جیت کا جشن میری بیٹی کو دھمکیاں دے کر منا رہے ہیں، جس کی واحد وجہ یہ ہے کہ میں آپ کا حامی نہیں ہوں'۔
انوراگ کشیپ کے ٹوئٹر پر اس معاملے کو شیئر کرنے کے بعد سائبر کرائم سے متعلق رہنما بریجیش سنگھ نے اداکار و ہدایت کار کی مدد کرنے کا وعدہ کیا۔
انوراگ کشیپ نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں شیئر کیا کہ انہوں نے اس صارف کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی اور ایسا کرنے میں ممبئی پولیس اور مہاراشٹرا کے سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ نے ان کی مدد کی۔
انوراگ نے اپنی اس ٹویٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ بھی ادا کیا۔